ملتان(صفدربخاری سے)  وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن “ستھرا پنجاب” کے تحت ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان کی ہدایت پر ایم ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متعدد علاقوں کو کلیئر کروا لیا۔ ترجمان ایم ڈی اے کے مطابق، ایم ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے پی ایچ اے کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سیداں والا بائی پاس چوک اور نگانہ چوک میں گرین بیلٹس پر نصب غیر قانونی سائن بورڈز کو مسمار کر دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ بوسن روڈ، تحصیل چوک، چونگی نمبر 9، چوک کمہاراں والا، خانیوال روڈ اور کھاد فیکٹری چوک و اطراف سے سڑک کنارے تجاوزات کو ہٹا دیا گیا۔ ایم ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف یہ آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں، گرین بیلٹس اور فٹ پاتھوں پر قبضے سے گریز کریں بصورت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔