ملتان: سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے سیکٹر انچارجز کی جانب سے یونین صدر سمیع اللہ خان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب، ورکرز کے حقوق کے تحفظ کا عزم
ملتان : سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کے سیکٹر انچارجز کی جانب سے محنت کش یونین سی بی اے کے نومنتخب صدر سمیع اللہ خان کے اعزاز میں ایک پُروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں یونین کے جنرل سیکرٹری حماد اصغر ڈوگر، ریاض خان، سجاد بھٹہ، وارث علی، مختار بھٹہ، شہباز احمد، ارشد، عرفان شاہ، یوسف، اعجاز سونی، عارف بھٹہ سمیت بڑی تعداد میں ورکرز اور سیکٹر انچارجز نے شرکت کی ، اس موقع پر نو منتخب صدر سمیع اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے تمام ساتھیوں اور سیکٹر انچارجز کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے یہ ذمہ داری سونپی، میں یقین دلاتا ہوں کہ میں کسی ذاتی مفاد کے بجائے صرف اور صرف ورکرز کے حقوق، ان کی بہتری، فلاح و بہبود، اور عزت نفس کے لیے کام کروں گا۔ ہمارے محنت کش صبح سے شام تک شہر کو صاف رکھنے کے لیے محنت کرتے ہیں، ان کا حق ہے کہ ان کی آواز سنی جائے اور ان کو وہ سہولیات فراہم کی جائیں جن کے وہ حقدار ہیں۔ ہم ہر سطح پر ورکرز کے مسائل اجاگر کریں گے، خواہ وہ تنخواہوں کا مسئلہ ہو، میڈیکل کی سہولت ہو یا سروس اسٹرکچر—ہم کسی بھی مسئلے کو نظر انداز نہیں کریں گے ،یونین کے جنرل سیکرٹری حماداصغر ڈوگر نے کہا کہ ہماری یونین کا مقصد صرف الیکشن جیتنا نہیں بلکہ مزدوروں کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہوئے ان کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے، ہم ہر فورم پر محنت کشوں کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔ دفاتر سے لے کر فیلڈ تک، ہر جگہ محنت کشوں کے وقار کو بحال کرنا ہمارا مشن ہے۔ میں تمام ورکرز کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کا ہر مسئلہ، ہر مطالبہ ہماری اولین ترجیح ہوگا۔ ہم کسی قسم کی ناانصافی یا زیادتی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے،تقریب کے اختتام پر سمیع اللہ خان اور حماد ڈوگر نے سیکٹر انچارجز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ عزت اور اعتماد دراصل تمام محنت کشوں کی کامیابی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ورکرز کی امیدوں پر پورا اتریں گے ،سیکٹر انچارجز کی جانب سے بھی اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ یونین کی قیادت ورکرز کے مسائل کے حل اور فلاح کے لیے مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات کرے گی۔







































Visit Today : 137
Visit Yesterday : 443
This Month : 10974
This Year : 58810
Total Visit : 163798
Hits Today : 1271
Total Hits : 805778
Who's Online : 5






















