ملتان : تھانہ ڈی ایچ اے میں درج مقدمہ نمبر 170/25 کے مدعی محمد نواز ولد غلام محمد نے اپنے ویڈیو بیان میں پولیس کے اعلیٰ حکام اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ اس کا بیٹا امتیاز نہ صرف نافرمان اور گستاخ ہے بلکہ اسے مسلسل جسمانی و ذہنی تشدد کا نشانہ بھی بنا رہا ہے۔ مدعی کے مطابق امتیاز زبردستی گھر کا قیمتی سامان، بشمول پانی والا پمپ، اٹھا لے گیا ہے اور بزرگ والد کو پینے کے پانی تک سے محروم کر دیا گیا ہے۔ محمد نواز کا کہنا ہے کہ امتیاز جھوٹے الزامات لگا کر پولیس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے اور اس نے اس ڈی ایس پی کے خلاف بھی غلط پروپیگنڈا شروع کر دیا ہے جس نے مقدمہ درج کرانے میں ان کی معاونت کی، حالانکہ متعلقہ ایس ایچ او نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کیا تھا۔ مدعی کے ہمراہ موجود اس کی بیٹی عصمہ اور اہلیہ نے بھی اپنے ویڈیو بیانات میں انکشاف کیا کہ امتیاز نہ صرف انہیں تشدد کا نشانہ بناتا ہے بلکہ بار بار پیسوں کا تقاضا بھی کرتا ہے، جس سے گھر کا ماحول سخت پریشان کن ہو چکا ہے۔ خاتون خانہ اور بیٹی نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے، جبکہ محمد نواز کا کہنا ہے کہ وہ اپنے نافرمان بیٹے کو کسی قسم کی جائیداد یا چیز دینا نہیں چاہتے، کیونکہ اس کا کوئی اخلاقی یا قانونی حق نہیں بنتا۔ انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے اپیل کی ہے کہ امتیاز کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، لوٹا گیا سامان واپس دلایا جائے اور باپ، بیٹی اور بیوی کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے۔