ملتان: قبضہ مافیا کے خلاف بیوہ اور یتیم خواتین کا احتجاج، زمین کی واپسی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب سے فریاد
ملتان : ضلع خانیوال کے نواحی علاقے چاہ بہاول والا موضع کرم پور تھانہ صدر کبیروالہ کی رہائشی بیوہ اور یتیم خواتین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، آر پی او ملتان اور ڈی پی او خانیوال سے فوری انصاف کی اپیل کی ہے۔ متاثرہ خواتین رقیہ بیگم، بشریٰ بی بی، طاہرہ فرید اور فاطمہ نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے والد کی 14 کنال 10 مرلے وراثتی زمین پر گزشتہ کئی سالوں سے محمد عاطف فرید، عارف فرید، آصف فرید اور حارث حفیظ قابض ہیں۔ خواتین کا کہنا ہے کہ ریونیو بورڈ لاہور، صوبائی منتخب ملتان اور سول جج کبیر والا فیصل مختیار نے ان کے حق میں واضح فیصلہ دے دیا ہے، لیکن اس کے باوجود بھی قبضہ مافیا زمین واپس کرنے سے انکاری ہے۔ متاثرہ خواتین نے مزید انکشاف کیا کہ مذکورہ افراد نے عدالتی حکم پر زمین واپس کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا، مگر تاحال کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔ بیوہ خواتین کا کہنا ہے کہ ملزمان انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور ان پر جھوٹے مقدمات قائم کرا رہے ہیں۔ متاثرہ خواتین نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں لیکن سیاسی پشت پناہی کے باعث انہیں کوئی روکنے والا نہیں۔ ان خواتین کا کہنا ہے کہ چونکہ ان کے ساتھ کوئی مرد نہیں، اس لیے انہیں ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔ “ہم اپنی ذاتی زمین ہونے کے باوجود دربدر کی ٹھوکریں کھا رہی ہیں، اگر ہمیں انصاف نہ ملا تو ہم تینوں بہنیں خودکشی کرنے پر مجبور ہو جائیں گی،” خواتین نے روتے ہوئے کہا۔ خواتین نے ایک بار پھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، آر پی او ملتان اور ڈی پی او خانیوال سے اپیل کی ہے کہ انہیں فوری انصاف دلایا جائے اور ان کی زمین واگزار کرائی جائے۔






































Visit Today : 138
Visit Yesterday : 443
This Month : 10975
This Year : 58811
Total Visit : 163799
Hits Today : 1290
Total Hits : 805797
Who's Online : 6






















