عوام پر مہنگائی کا نیا وار، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام پر حکومت نے ایک اور کاری ضرب لگاتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 37 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 272 روپے 98 پیسے سے بڑھ کر 284 روپے 35 پیسے ہو گئی ہے۔ اسی طرح پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 36 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ پٹرول کی پرانی قیمت 266 روپے 79 پیسے تھی، جو اب بڑھ کر 272 روپے 15 پیسے ہو گئی ہے۔ قیمتوں میں اس اچانک اضافے نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ اپوزیشن اور عوامی حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آنے کا امکان ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی بجلی، گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے سے زندگی مشکل ہو چکی ہے، اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مزید مہنگائی کی لہر کو جنم دے گا۔ یاد رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں اور روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ کو جواز بنا کر حکومت پندرہ روز بعد قیمتوں میں رد و بدل کرتی ہے، تاہم مسلسل اضافے نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔






































Visit Today : 197
Visit Yesterday : 443
This Month : 11034
This Year : 58870
Total Visit : 163858
Hits Today : 2181
Total Hits : 806688
Who's Online : 8






















