ملتان : واسا کی نااہلی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، اہل علاقہ کی وزیراعلیٰ پنجاب سے دہائی
ملتان : رائٹرز کالونی، ثمن آباد، اور گلبرگ کالونی کے رہائشیوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم
نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ پاکپتن ہسپتال کی طرح ملتان میں بھی واسا کے ایم ڈی، ایکسئین اور دیگر ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ واسا کی بدترین نااہلی کے باعث گزشتہ دو ماہ سے یہ علاقے مسلسل گندے پانی میں ڈوبے
ہوئے ہیں۔ بارہا احتجاج اور میڈیا میں خبریں آنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں ہے، بلکہ الٹا سزا کے طور پر دیگر کالونیوں کا گندا پانی بھی ان
علاقوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس گندگی کے باعث کئی افراد ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جبکہ شادی، غمی اور یہاں تک کہ نمازوں کے لیے بھی راستے میسر نہیں۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا تھا کہ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر محض نمائشی دوروں تک محدود ہیں اور کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ اگر وزیراعلیٰ صرف ان کالونیوں کے دورے کا اعلان بھی کر دیں تو واسا کا سارا نظام ٹھیک ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف نے محکمہ پولیس، ہیلتھ، اور ایجوکیشن میں جو اصلاحات کی ہیں وہ قابل تحسین ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ واسا جیسے سفید ہاتھی سے کالی بھیڑیوں کو بھی نکالا جائے تاکہ عوام سکون کا سانس لے سکیں۔ اجلاس میں اصلاحی کمیٹیوں کے صدور و اراکین جن میں رانا شہباز، حاجی شرافت، مسعود نیاز، شیخ ندیم، مبین احمد، شیخ نوید، محمود شاہ، اعجاز احمد، نزاکت قریشی، قاری نور، عطا الرحمن، سلمان احمد اور دیگر معززین نے شرکت کی اور متفقہ طور پر واسا کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔







































Visit Today : 166
Visit Yesterday : 443
This Month : 11003
This Year : 58839
Total Visit : 163827
Hits Today : 1602
Total Hits : 806109
Who's Online : 11






















