ملتان: ہمارا مقصد صوبہ سرائیکستان کا قیام ہے۔ ملتان میں یونین کونسل سطح پر تنظیم سازی وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ملتان سرائیکستان کا مرکز ہے۔ ایس ڈی پی حقوق کی علمبردار جماعت، پارٹی کی طاقت اور کامیابی کی بنیاد کارکنان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی رانا محمد فراز نون نے جھوک سرائیکستان ملتان میں ملتان کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ پارٹی کی تقویت اور تنظیم سازی کے حوالے سے یو سی سطح پر پارٹی کو فعال کرنے کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مخدوم سید مطلوب بخاری ، ڈاکٹرعبدالغفار گوپانگ، خواجہ شعیب الحسن، چودھری سہیل، غلام مصطفی لاہوری، شاہد بھٹی، عبدالخالق غوری، ملک اکرم میسن، شعیب نواز بلوچ، رانا محمد نعمان نون، ثقلین بھٹہ، عبدالوحید خان بلوچ، قاری زوار حسین سعیدی، ملک کاشف وینس و دیگر شریک تھے۔اس موقع پر سیکرٹری انفارمیشن ایس ڈی پی عبدالوحید خان بلوچ کے جواں سال بیٹے کی وفات پر تعزیت اور سانحہ بلوچستان کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ رانا محمد فراز نون نے کہا کہ ہماری جماعت کا مقصد الگ صوبہ سرائیکستان کا قیام ہے اور الگ صوبہ بننے سے یہاں کے ہر فرد کو فائدہ ہو گا نہ کہ صرف سرائیکیوں کو۔ احساس محرومی حد سے تجاوز کرے تو انقلاب جنم لیتا ہے۔ انقلاب ملکوں کے جغرافیہ اور تقدیر کو بدل دیتا ہے۔ نوجوانوں، کسانوں، مزدورں اور خواتین میں بڑھتا ہوا احساس محرومی بہت تیزی سے سرخ نشان کی طرف بڑھ رہا ہے۔ موجودہ حکمران ماضی کے غاصب حکمرانوں کے نقش قدم پر ہیں۔ ہم سب ایک ہیں اور اب ہم صوبہ لیکر دم لیں گے۔ مطلوب حسین شاہ بخاری نے کہا کہ ہماری منزل صوبہ سرائیکستان کا قیام ہے۔ سرائیکستان ڈیمو کریٹک خطے کے حقوق کی علمبردار جماعت ہے۔ ایس ڈی پی ہمیشہ محروم طبقوں کی آواز، مزدوروں اور کسانوں کے حقوق کی محافظ رہی ہے۔ خواتین ، اقلیتوں کو با اختیار اور مضبوط بنانے کے حامی ہیں۔ رانا محمد فراز نون نے کہا کہ پارٹی عہدیداران کی مشاورت سے ماہ ستمبر میں سرائیکستان کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا جس پر شرکاء نے جوش و جذبہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کنونشن کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات جدوجہد کریں گے کہ صوبہ سرائیکستان ہماری منزل ہے اور صوبے کے قیام کے بغیر خطے کے مسائل کسی صورت حل نہیں ہو سکتے۔