ملتان (صفدر بخاری سے) ایوانِ تجارت و صنعت ملتان کے ایگزیکٹو ممبر شیخ عمار رضا نے کہا ہے کہ 19 جولائی کو ملک بھر کی کاروباری برادری ایف بی آر کے ظالمانہ اور غیر منطقی ٹیکس قوانین کے خلاف بھرپور ہڑتال کرے گی۔ اس احتجاجی ہڑتال میں انڈسٹری، ہول سیلرز اور ریٹیلرز مکمل طور پر کاروبار بند رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 37A اور 37B، ڈیجیٹل انوائسنگ اور ای-بلٹی جیسے پیچیدہ اور غیر عملی قوانین نے کاروباری طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان قوانین نے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے بلکہ تاجروں میں بے چینی اور اضطراب کی فضا بھی پیدا کر دی ہے۔ شیخ عمار رضا کے مطابق ان اقدامات کے خلاف ملک بھر کے تاجر احتجاج کر رہے ہیں اور اسی سلسلے میں 14 جولائی بروز اتوار کو ملتان سمیت مختلف شہروں میں بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، جن میں کاروباری برادری کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سخت گیر پالیسیوں کو واپس لیا جائے اور تاجر نمائندوں سے مشاورت کے بعد ایک آسان، شفاف اور قابلِ عمل ٹیکس نظام متعارف کروایا جائے تاکہ قومی معیشت کو استحکام ملے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو۔