ملتان :  میڈیا اونرز سوسائٹی (ماس) کا ایک ہنگامی اجلاس سرپرستِ اعلیٰ حنیف چوہان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تنظیمی اراکین نے سوسائٹی کے صدر عمر فاروق کو دی گئی دھمکیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

اجلاس میں سرپرست خلیل بھٹی، چیئرمین ملک امجد سعید تھہیم، جنرل سیکریٹری حنیف عمران بھٹی اور فنانس سیکریٹری اظہر ہاشمی سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ایک شخص، ماجد عرفان نجمی، کی جانب سے صدر ماس عمر فاروق کو سنگین دھمکیاں دی گئیں۔ اراکین نے اسے صحافت کی آزادی پر حملہ قرار دیتے ہوئے فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

چیئرمین میڈیا اونرز سوسائٹی، ملک امجد سعید تھہیم نے کہا: “عمر فاروق ایک باوقار اور سینئر صحافی ہیں جنہوں نے ہمیشہ سنجیدہ اور مثبت صحافت کو فروغ دیا ہے۔ ان کے خلاف اس نوعیت کی کارروائی ناقابلِ برداشت ہے۔”

تنظیم نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ صدر عمر فاروق کو سیکیورٹی فراہم کرے اور ماجد عرفان نجمی کے خلاف فوری اور مؤثر قانونی اقدام اٹھایا جائے۔

سوسائٹی نے وزیراعظم پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب، وزیر اطلاعات، آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب، آر پی او ملتان اور سی پی او ملتان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔