پاکستان کی تاریخی فتح اور پی ٹی وی

تحریر:شاہدہ پیرزادہ شہگی

دس مئی 2025ء پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے یاد رکھا جائے گا یہ دن صرف عسکری کامیابی کا مظہر نہیں بلکہ قومی وحدت سیاسی بصیرت اور میڈیا کی نظریاتی پختگی کا دن بھی تھا حکومتِ پاکستان نے اسے یومِ تشکر کے طور پر منایا وزیراعظم اور آرمی چیف نے پوری قوم کو مبارکباد دی
اس تاریخی فتح میں ہماری افواج خصوصا فضائیہ نے بے مثال جرات اور مہارت کا مظاہرہ کیا. تاہم ایک محاذ ایسا بھی تھا جس پر پی ٹی وی ڈٹا ہوا ایک طرف قوم میں جذبہ حوصلہ اور اتحاد کو یقینی بنانے اور دوسری طرف دشمن کے زہریلے اور جھوٹے پروپیگنڈے کا جواب دینے کیلئے پی ٹی وی قومی چینل ہونے کا حق ادا کردیا ۔پاکستان ٹیلی ویژن ہمیشہ قومی بیانیے کا محافظ رہا ہے
لیکن اس تاریخی کامیابی کی اصل روح افواجِ پاکستان کی جرأت و قربانی اور ایک ایسے ادارے کی پُرعزم شرکت میں پنہاں تھی جو ہمیشہ سے قومی بیانیے کا محافظ رہا ہےپاکستان ٹیلی ویژن
جس طرح 1965ء کی جنگ میں ریڈیو پاکستان نے محاذِ جنگ کے متوازی ایک نظریاتی محاذ سنبھالا تھا اسی طرح 2025ء کی اس نفسیاتی عسکری اور معلوماتی جنگ میں پی ٹی وی ایک بار پھر قوم کی نظریاتی ڈھال بن کر ابھرا۔ دشمن کے جھوٹے پروپیگنڈے اور سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی افواہوں کے خلاف پی ٹی وی نے بروقت اور مدلل نشریات کے ذریعے جوابی بیانیہ فراہم کیا بارڈر سے قریبی علاقوں میں جہاں دشمن کے ڈرون حملے جاری تھے وہاں پی ٹی وی کی ٹیمیں اپنی جان کی پروا کیے بغیر موجود رہیں
وفاقی وزیر اطلاعات جناب عطا تارڑ اور ایم ڈی پی ٹی وی محترمہ عنبرین جان کی قیادت میں ادارے نے جو پیشہ ورانہ دیانت قومی وفاداری اور جذبۂ حب الوطنی کا مظاہرہ کیا وہ پاکستان کے میڈیا کی تاریخ میں ایک روشن باب بن چکا ہے پی ٹی وی نے نہ صرف حالات سے قوم کو پل پل باخبر رکھا بلکہ ہر پروگرام ہر تجزیہ اور ہر رپورٹنگ کے ذریعے عوام کے دلوں میں یہ یقین بھی بٹھایا کہ ہماری افواج ہماری قیادت اور ہمارا وطن مکمل طور پر محفوظ ہیں
یاد رہے جنگ صرف بندوقوں سے نہیں لڑی جاتی اصل میدان بیانیے کا ہوتا ہےجہاں خبر سچائی اور اعتماد سب سے بڑے ہتھیار بنتے ہیں افواجِ پاکستان ایئر فورس کے دلیر ہوا باز اور مختلف شعبوں میں کام کرنے والے تکنیکی ماہرین فرنٹ لائن پر دشمن کا مقابلہ کر رہے تھے، تو اس کے پیچھے پی ٹی وی کا نظریاتی محاذ بھی متحرک تھا جو عوام کو مسلسل حوصلہ دے رہا تھا یہی وہ محاذ تھا جس نے عوام کو متحد رکھا ان کے جذبات کو زبان دی اور دشمن کے جھوٹے دعووں کو بےنقاب کیا
پی ٹی وی نے بھارت کی جانب سے مریدکے اور بہاولپور پر کیے گئے حملوں کی حقیقت قوم کے سامنے رکھی ان حملوں میں معصوم پاکستانی شہریوں کی 21 شہادتیں اس امر کا ناقابل تردید ثبوت ہیں کہ بھارت خود دہشت گردی کا مرتکب ہوا مگر دنیا کے سامنے پاکستان کو بدنام کرتا رہا پی ٹی وی نے اس جھوٹے بیانیے کو توڑ کر دہشت گردی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لایا عالمی میڈیا نے بھی پی ٹی وی کی رپورٹنگ کلپس اور تجزیوں کو نشر کیا جس سے پاکستان کا موقف عالمی سطح پر اجاگر ہوا
ریلیوں سیمینارز اور مختلف عوامی اجتماعات میں بھی پی ٹی وی پوری طرح متحرک رہا اہلِ رائے دانشوروں مفکرین ادیبوں ماہرینِ تعلیم مذہبی اسکالرز اور شعراء کی آراء اور جذبات کو پی ٹی وی نے بروقت نشر کیا جس سے عوام کا حوصلہ بلند ہوا اور قومی بیانیہ مزید مستحکم ہوا
ریاستی میڈیا کا دوہرا فریضہ ہوتا ہے عوام تک درست اور بروقت معلومات پہنچانا اور عوامی مورال کو گرنے نہ دینا پی ٹی وی نے یہ دونوں قومی فرائض نہایت خوش اسلوبی بہادری اور غیرمتزلزل عزم کے ساتھ انجام دیے یہ صرف ایک ادارہ نہیں رہا بلکہ پاکستان کے نظریاتی دفاع کی ایک ناقابل تسخیر فصیل بن چکا ہے
جس طرح 1965ء میں ملکۂ ترنم نورجہاں کی آواز نے افواجِ پاکستان کو جرأت بخشی تھی بالکل ویسے ہی 2025ء میں پی ٹی وی کی آواز نے ہر پاکستانی کے دل میں جذبہ حوصلہ اور اعتماد جگایا
یہ کردار رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا اور جب بھی دس مئی کا ذکر آئے گا پاکستان ٹیلی ویژن کا نام عقیدت فخر اور احترام سے لیا جائے گا

پاک فوج زندہ باد
پاکستان پائندہ باد

پی ٹی وی تابندہ باد