ملتان(صفدربخاری سے) ملتان کی کچہری میں چوری کی وارداتوں میں حالیہ دنوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جب کہ تازہ ترین واقعے میں کلیکٹر اشتمال کی عدالت کے اندر سے ایک شہری کا لیپ ٹاپ اور قیمتی اشیاء چوری ہو گئیں۔ متاثرہ شہری، منور شہزاد نانڈلہ، جو پیشی کے لیے عدالت آئے تھے، نے الزام لگایا ہے کہ ان کا لیپ ٹاپ بیگ سمیت چوری کر لیا گیا۔ بیگ میں مقدمات سے متعلق اہم فائلیں اور قیمتی دستاویزات بھی موجود تھیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک مشتبہ شخص کو لیپ ٹاپ بیگ لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ متاثرہ شخص کی جانب سے تھانہ چہلیک میں طاہر امان نانڈلہ، امان اللہ نانڈلہ، اور محمود دانش کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔ منور شہزاد نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ چوروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عدالتی احاطوں میں شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے مشتبہ افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔