اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف شروع کئے گئے آپریشن بنیانّ مرصوص کی کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔ بیرسٹر گوہر خان نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آپریشن بنیانّ مرصوص کو سراہا۔انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ پر لکھا کہ بھارتی جارحیت کے بعد آپریشن بنیانّ مرصوص ضروری تھا اور الحمدللہ بہت کامیاب ہوا۔انہوں نے مزید لکھا کہ ‘قوم متحد ہے اور بھارت کی آئندہ کسی بھی جارحیت کے خلاف متحد ہو کر کھڑی ہو گی، پاکستان زندہ باد۔اس کے علاوہ انہوں نے اپنے اکاونٹ پر قرآن کریم کی آیت کو بھی شیئر کیا۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور موجودہ صورتحال پر انہیں اعتماد میں لیا۔اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم سے کہا کہ میں تو بحیثیتِ بانی پی ٹی آئی کے نمائندے آپ سے بات کر رہا ہوں، قومی یکجہتی، قومی سلامتی کا تقاضا یہ ہے کہ پاکستان کے بڑے لیڈر، بانی پی ٹی آئی کو فی الفور رہا کیا جائے، جب بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے گا تو یہ قوم کو متحد اور یکجا کرے گا۔پاک بھارت کشیدگی:خیال رہے کہ پہلگام حملے کے بعد 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں 2 مساجد شہید ہوئیں جبکہ حملوں میں 2 بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے۔بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، پاکستان پر حملہ کرنے والے 3 رافیل، ایک مگ ٹوئنٹی نائن، ایک ایس یو تھرٹی طیارے اور ایک کومبیٹ ڈرون کو مار گرایا۔ آپریشن بنیان المرصوص:اس کے علاوہ آج صبح پاکستان نے بھارت پر حملہ کرتے ہوئے بھارت کی ادھم پور، پٹھان کوٹ ایئربیس اور براہموس سٹوریج اور بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ تباہ کردیا جبکہ سائبر اٹیک کے ذریعے بھارت کے 70 فیصد بجلی کے گرڈ ناکارہ بنا دیے اوربیشتر بھارتی ویب سائٹس ہیک کر لی گئیں۔