ملتان(صفدربخاری سے)  چلڈرن ہسپتال ملتان میں ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی کی زیر نگرانی سیفٹی میجرز دورانِ جنگ و ہنگامی حالات پر ایک جامع Mock Exercise کا انعقاد کیا گیا، جو کہ Civil Defense & Rescue 1122 ملتان کے اشتراک سے کیا گیا۔ یہ مشق حکومت کی جاری کردہ کنٹیجنسی پلان کے تحت عمل میں لائی گئی، جس کا مقصد ہسپتال عملے، مریضوں اور عام عوام کو کسی بھی جنگی یا ہنگامی صورت حال میں بروقت اور محفوظ طریقے سے ردعمل دینے کی تربیت دینا تھا۔ مشق کے دوران ریسکیو 1122 کی ٹیم نے فائر فائٹنگ، ابتدائی طبی امداد، انخلائی مشق (Evacuation Drill)، اور حفاظتی پناہ گاہوں تک رسائی کی تربیت فراہم کی۔ اس موقع پر ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف، اور دیگر عملے نے بھرپور شرکت کی۔ ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف چشتی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تربیتی سیشن نہ صرف ہسپتال کی تیاری کو مؤثر بناتے ہیں بلکہ معاشرے میں شہری دفاع کے شعور کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی سلامتی اور افواجِ پاکستان کے عزمِ حوصلہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔