ایس ایم گروپ آف انڈسٹریز کی جانب سے پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی، دشمن کو دوٹوک پیغام

ملتان (رپورٹ: زین خان ملغانی)
ملتان میں ایس ایم گروپ آف انڈسٹریز کے چیئرمین چوہدری ذوالفقار علی انجم کی ہدایت پر پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بھرپور ریلی نکالی گئی۔ ریلی کا آغاز چونگی نمبر 8 سے ہوا جو چوک کچہری اور گھنٹہ گھر چوک تک پہنچی۔ اس موقع پر وولکا فوڈ انٹرنیشنل کے جی ایم ایڈمن عبدالواحد، ایس ایم فوڈ میکرز ملتان کے جی ایم ایڈمن دانش بخاری، اور ایڈمن حسین و ذیشان نے ریلی کی قیادت کی۔ ریلی میں گروپ کے سٹاف اور ورکرز نے جوش و جذبے سے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے، “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ شرکاء نے اپنے پیغام میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رات کی تاریکی میں شہری آبادی پر حملہ بزدلی اور سفاکیت کی بدترین مثال ہے، جس کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی۔
شرکاء نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو بروقت، مؤثر اور منہ توڑ جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ دنیا کی بہترین فوج ہے، جو ہر قسم کی جارحیت کا فوری اور جرأت مندانہ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایس ایم گروپ آف انڈسٹریز کا ہر سٹاف ممبر اور ورکر اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے، اور دشمن کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے کہ پاکستانی قوم اور افواج ایک مضبوط، متحد اور باہمت محاذ کی صورت میں کھڑی ہیں