راولپنڈی : بھارت نے رات گئے پاکستان میں چھ مقامات  پر میزائل داغ دیئے۔  پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے اس حملے کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے ابتدائی طور پر  کہا کہ بزدل دشمن نے پاکستان کے3 شہروں میں میزائل حملہ کیا ہے۔ پنجاب میں بہاولپور جبکہ آزاد کشمیر کے 2 شہروں کوٹلی اور مظفر آباد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میزائل حملوں کے بعد ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بہاولپور میں چار دھماکے سنے گئے جن کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی۔ شہری پریشان ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ بعد ازاں ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ بھارت کی جانب سے چھ مقامات پر چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے 24 حملے کیے گئے ہیں جن میں آٹھ معصوم شہری شہید اور 35 زخمی ہوئے۔