ملتان (صفدربخاری سے)  عالمی یوم صحافت کے حوالے سے میڈیا اونرز سوسائٹی اور ملتان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام صحافیوں کے حقوق اور آزادی اظہار رائے کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں شریک صحافیوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات درج تھے۔ سینئر صحافی جبار مفتی نے کہا کہ آزاد صحافت کے بغیر دنیا میں کہیں بھی جمہوریت کا تصور نہیں پایا جاتا۔ جمہوریت کیلئے آزادی صحافت کا تحفظ کرنا ہو گا۔پوری دنیا مطالبے پر ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔ مرکزی صدر میڈیا اونرز سوسائٹی عمر فاروق نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی جان اور روزگار کا تحفظ فراہم کرے۔صحافیوں کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق صحافت کرنے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ملتان یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری مظہر خان نے کہا کہ آزادی اظہار رائے پر کوئی قدغن کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔حکومت پیکا ایکٹ کو فوری طور پر واپس لے اور صحافیوں پر درج ناجائز مقدمات فوری ختم کیئے جائیں۔ چیئرمین میڈیا اونرز سوسائٹی ملک امجد سعید تھہیم نے کہا کہ حکومت صحافیوں پر پابندیاں لگانے کی بجائے انہیں کام کرنے کا آزاد ماحول فراہم کرے اور روزگار کے مزید مواقع فراہم کرے۔ڈیجیٹل میڈیا کو جلد ریگولرائز کرے۔مظاہرے میں سینئر صحافی و سابق صدر ملتان پریس کلب و سابق ایڈیٹر روزنامہ نوائے وقت،جبار مفتی، مرکزی صدر میڈیا اونرز سوسائٹی (ماس) عمر فاروق،جنرل سیکرٹری ملتان یونین آف جرنلسٹس مظہر خان،مرکزی چیئرمین (ماس) ملک امجد سعید تھہیم، مرکزی جنرل سیکرٹری (ماس) حنیف عمران بھٹی، مرکزی نائب صدر (ماس) صفدر علی بخاری،مرکزی فنانس سیکرٹری (ماس) اظہر ہاشمی، چیف ایڈیٹر “سین نیوز “یاسین لک، چیف ایڈیٹر روزنامہ سرائیکستان ٹائمز ریاض حسین کھوکھر، چیف ایڈیٹر روزنامہ اپنی بات امجد علوی، چیف رپورٹر روزنامہ سوسائٹی نیوز محمد عرفان رانا نے شرکت کی۔