کھلا اور غیر صاف شدہ خوردنی تیل و گھی دل، جگر اور دوسری مہلک بیماریوں کا سبب بنتا ہے: نیوٹریشن انٹرنیشنل
ملتان: نیوٹریشن انٹرنیشنل نے پنجاب فوڈ اتھارٹی خانیوال کے اشتراک سے “خوردنی تیل کی فورٹیفیکیشن کے فوائد, پاکستان میں وٹامن اے اور ڈی کی کمی, کھلے اور غیر صاف شدہ تیل کے استعمال اور صحت پر اسکے منفی اثرات” کے بارے میں ایک آگاہی سیشن کا اہتمام کیا۔ اس آگاہی سین میں تاجر تنظیموں، خوردنی تیل بنانے والی ملوں کے نمائندگان، بیکری، ریسٹورنٹ اور پیزا شاپس کے مالکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر نیوٹریشن انٹرنیشنل کے صوبائی پروگرام منیجر عزیز الرحمن نے لوگوں کو اگاہی دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچوں کی آبادی مائیکرونیوٹرینٹس کی کمی کا شکار ہے جس میں آئرن وٹامن اے اور وٹامن ڈی سرِفہرست ہیں ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں تقریبًا 9.9 ملین (99 لاکھ) لوگ ہڈیوں کے بھربھرےپن کا شکار ہیں جن میں 7.2 ملین (72 لاکھ) تعداد خواتین کی ہے۔ فوڈ فورٹیفیکیشن پروگرام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غذائیت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے فورٹیفیکیشن ایک آسان اور قابلِ عمل طریقہ کار ہے۔ مزید یہ کہ فوڈ فورٹیفیکشین پروگرام وٹامنز اور منرلز کی موجودگی کو کم سے کم لاگت سے ممکن بناتا ہے۔ اور یہ کہ لوگوں کی غذائی عادات کو تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ سیشن کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی خانیوال عمیر حنیف نے کی۔ انہوں نے لوگوں کو بتایا کہ خوراک کے تحفظ اور خوردنی تیل کی فورٹیفیکیشن کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلے اور غیر صاف شدہ تیل کی خریدوفروخت ممنوع ہے اور اس ضمن میں ایسے عناصر جو اس ممنوعہ کاروبار میں ملوث ہیں انکے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اس ضمن میں ڈسٹرکٹ خانیوال میں کی جانے والی کاروائیوں کے متعلق شرکاءکو آگاہی دی۔ اس موقع پر فوڈ فورٹیفیکییشن پروگرام کے زونل مینیجر امجد علی نے شرکاہ کو کھلے اور غیر صاف شدہ تیل کے استعمال اور اس کے صحت پر منفی اثرات کے حوالہ سے آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ کھلا اور غیر صاف شدہ تیل استعمال کرنا انتہائی نقصان دہ ہے اور ڈیلر حضرات کھلے تیل کی خریدوفروخت کو ترک کر دیں تاکہ ہمارے لوگ مہلک بیماریوں سے بچ سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیوٹریشن انٹرنیشنل کوالٹی اشورنس اور کوالٹی کنٹرول کے حوالہ سے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے خوردنی تیل بنانے والی ملوں اور فوڈ اتھارٹی کی استعداد کار بڑھانے پہ کام کر رہی ہے۔ تاکہ کوالٹی کے معیار کو بہتر بنایا جاسکے اور کھلے اور غیر صاف شدہ تیل کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے اس موقع پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ماسٹر ٹرینر زبیر اکرم نے فوڈ سیفٹی اور غذائی نشوونما کے حوالے سے لو گوں کو آگاہی دی مزید برآں انہوں نے تاجر حضرات کو معیاری غذا فروخت کرنے پر زور دیا تاکہ عوام الناس میں غیر معیاری اشیا کھانے سے پیدا شدہ بیماریوں پر قابو پایا جاسکے۔






































Visit Today : 382
Visit Yesterday : 369
This Month : 11588
This Year : 59424
Total Visit : 164412
Hits Today : 13190
Total Hits : 823288
Who's Online : 1





















