پاکستان کی بقاء، سالمیت اور امن و استحکام کی ضامن ہماری دلیر افواج ہیں : مرزامحمدارشدالقادری
ملتان : دفتر مشائخ ونگ پاکستان سنی تحریک کے زیرِ اہتمام دربار نوشاہی قادری لوہا مارکیٹ ملتان میں ”افواجِ پاکستان زندہ باد – بھارت مردہ باد“ کے عنوان سے ایک عظیم الشان، پرجوش اور قومی وحدت سے لبریز سیمینار منعقد ہوا۔ اس روح پرور اور حب الوطنی سے بھرپور اجتماع میں پاکستان سنی تحریک کے مرکزی و ضلعی رہنماؤں، علمائے کرام، مشائخ عظام، سول سوسائٹی کے نمائندگان، نوجوانانِ اہلسنت اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی سیمینار کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد مقررین نے اپنے خطابات میں ملکی سلامتی، افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور بھارت کی پاکستان دشمن سازشوں پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بقاء، سالمیت اور امن و استحکام کی ضامن ہماری دلیر افواج ہیں، جنہوں نے ہر محاذ پر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ صوبائی ناظم اعلیٰ پاکستان سنی تحریک مرزامحمدارشدالقادری نے کہا کہ ”بھارت کی طرف سے کی جانے والی دراندازیاں، کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں اور پاکستان کے خلاف مسلسل منفی پراپیگنڈا اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت، خطے میں امن کا سب سے بڑا دشمن ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ ”سنی تحریک اپنے پلیٹ فارم سے یہ واضح پیغام دیتی ہے کہ پوری پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر محاذ پر اپنے ملک کے دفاع کے لیے تیار ہے۔“ مقررین پیرعزیزرسول سیفی، پیرمظہر فاروق چشتی، سرفراز رسول اویسی، محمدیوسف انصاری، علامہ طیب چشتی،بزرگ مذہبی راہنما حافظ ظفرحامدی، چوہدری رئیس انصاری،راشدانصاری، عبدالاحد، حافظ احمدعبید عطاری، صمعیداختر، سلطان قادری، راناغلام مرتضیٰ قادری، مولانا محمد آصف قادری،محمدسجادقادری، حافظ طیب چشتی،محمدجنیدقادری،ودیگرمقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک میں اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے، اور دشمن کو جواب صرف اسی وقت دیا جا سکتا ہے جب ہم داخلی طور پر متحد ہوں۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے پاکستان کا مثبت اور محب وطن تشخص اجاگر کریں۔سیمینار کے اختتام پر افواجِ پاکستان کی کامیابی، ملک کی سلامتی، شہداء کے درجات کی بلندی اور بھارت کی جارحیت کے خاتمے کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔






































Visit Today : 438
Visit Yesterday : 369
This Month : 11644
This Year : 59480
Total Visit : 164468
Hits Today : 13767
Total Hits : 823865
Who's Online : 11





















