ملتان (صفدربخاری سے) ملتان یونین آف جرنلسٹس سمیت مختلف صحافتی تنظیموں کا احتجاج اور مسلسل کوششیں رنگ لے آئیں ، 6 روز سے پر اسرار طور پر لاپتہ سینئر صحافی ارشد ملک کو نا معلوم افراد کچا کھوہ کے قریب پھینک کر فرار ہو گئے، پولیس نے انہیں تحویل میں لے کر ملتان بھجوا دیا، سینئر صحافی ارشد ملک کے ملتان پریس کلب پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا ،انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پتیاں نچھاور کی گئیں، اس موقع پر سینئر صحافیوں کا غیر رسمی اجلاس بھی ہوا ، جس میں سینئر صحافیوں نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے پولیس سے تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا، جس کے بعد ارشد ملک کو گھر پہنچا دیا گیا ، جہاں ان کے بچوں کی خوشی دیدنی تھی ، قبل ازیں ہائیکورٹ ملتان بینچ میں بھی اس کیس کی سماعت ہوئی، جس میں مسٹر جسٹس وحید خان نے پر اسرار طور پر لاپتہ سینئر صحافی ارشد ملک کو دو روز میں برآمد کر کے عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا بھی دیا تھا، جبکہ اس حوالے سے تھانہ کینٹ پولیس نے بھی گزشتہ روز مقدمہ کا اندراج کر لیا ہے