ملتان :  ایم کیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل کرامت علی شیخ نے کہا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ کو سبوتاژ کرکے دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے بھارتی حکومت کی آبی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور انہیں باور کرانا چاہتے ہیں کہ پاکستان اپنے آبی حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا پاکستانی قوم وطن عزیز کے دفاع کے لئے پاک فوج کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے جھوٹے الزامات پروپیگنڈے ہمیشہ کرتا رہا ہے بھارت میں اس وقت جموں و کشمیر سمیت پنجاب راجھستان، آسام منی پور، ناگا لینڈ ،چھتیس گڑھ تامل ناڈو اور جنوبی صوبوں میں علیحدگی پسند تنظیمیں شدت پکڑ چکی ہیں مودی سرکار بھارت کے حالات قابو کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے اور بھارتی عوام حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بن چکی ایسے حالات میں بھارتی حکومت نے پہلگام واقعہ کا ڈرامہ رچایا اور پاکستان پر من گھڑت الزامات عائد کرکے اپنی ڈوبتی سیاست کو بچانے کی ناکام کوشش میں مصروف ہو گئی انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں موجود تمام سیاسی جماعتیں ملکی سلامتی کے لئے اپنا تن من دھن قربان کرنے کو تیار ہیں ۔