ملتان :  گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین بوسن روڈ، ملتان کی تاریخ کا پہلا کانووکیشن پروقار انداز میں منعقد کیا گیا کانوو کیشن پروسین کے بعد۔ اس یادگار تقریب کاآغاز تلاوت کلام اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات جس میں سائنس، آرٹس، سوشیالوجی، اکنامکس، اور کمپیوٹر سائنس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات کو خصوصی گولڈ میڈلز اور اعزازات، ڈگریاں اور شیلڈز سے نوازا گیا۔ تقریب میں اعلیٰ تعلیمی شخصیات، اساتذہ، والدین اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔مہمانِ خصوصی ڈی پی آئی کالجز ساوتھ پنجاب، پروفیسر ڈاکٹر فرید شریف نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تعلیم پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں خواتین کا ہر شعبہ زندگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا انتہائی خوش آئند ہے، اور تعلیمی ادارے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ تعلیم یافتہ خواتین کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہیں، اور ہم پر لازم ہے کہ ہم ان کی تعلیم و تربیت کے لیے سازگار ماحول مہیا کریں۔کالج کی پرنسپل ڈاکٹر فرحانہ نواب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالج کی یہ اہم کامیابی اس بات کی مظہر ہے کہ ادارہ نہ صرف علمی بلکہ اخلاقی و فکری تربیت پر بھی بھرپور توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ ملک و قوم کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔ یہ کامیابی نہ صرف ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا ثبوت ہے بلکہ اس بات کا بھی اظہار ہے کہ طالبات نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ کردار سازی اور اخلاقیات میں بھی بہترین نمونہ بن کر ابھر رہی ہیں تقریب میں مختلف شعبہ جات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کو خصوصی انعامات، گولڈ میڈلز اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔ پہلے کانووکیشن کی تقریب ایک یادگار لمحہ بن گئی۔ تقریب کا ماحول خوشی، فخر اور اعتماد سے بھرپور تھا، جہاں طالبات کی کامیابیوں نے نہ صرف ان کے والدین بلکہ اساتذہ کی آنکھوں میں بھی چمک بھر دی۔سامعین نے طالبات کی محنت اور ادارے کی کاوشوں کو دل کھول کر سراہا۔تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ بجایا گیا اور شرکاء کے لیے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر والدین نے اس اہم موقع کو خوشی اور فخر کا لمحہ قرار دیا۔تقریب میں دائریکٹر کالجز ملتان ڈوثیزن پروفیسر طاہر سلطان،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈوثیزن پروفیسر احمرروف،کنٹرولر امتحانات قانتارفیق،وائس پرنسپل صدف شرمین نے شرکت کی۔