ملتان: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے 26 اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے تاجر غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حق میں آواز بلند کرنا اپنا دینی، اخلاقی اور انسانی فریضہ سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری ظلم و ستم پر دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے، اور اب وقت آ چکا ہے کہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا جائے۔ پاکستان بھر کے تاجر اسرائیلی مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کے لیے تیار ہیں اور اپنی معاشی طاقت سے اسرائیل کی حمایت یافتہ معیشت کو کمزور کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔خواجہ سلیمان صدیقی نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کی عظیم قربانیاں پوری امتِ مسلمہ کو متحد کر رہی ہیں۔ اب اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو ایک مؤثر لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کے خلاف متحدہ محاذ بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ 26 اپریل کی ہڑتال کو ہر شہر، ہر بازار اور ہر گلی میں کامیاب بنایا جائے تاکہ اہلِ غزہ کو یہ پیغام ملے کہ پاکستان کے تاجر ان کے ساتھ ہیں، اور وہ تنہا نہیں۔