ملتان(صفدربخاری سے) حکومت پنجاب کی ہدایت پر پنجاب کلچر ڈے بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اس سلسلے میں ضلع ملتان کے اسکولوں میں بھی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان کے زیر اہتمام گورنمنٹ اقبال گرلز ہائی سکول میں مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ملتان سید محمد علی بخاری نے رنگا رنگ کلچرل میلہ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر سیکنڈری ملتان منور حسین کمال، پرنسپل سکول ہذا مسز عندلیب ظفر، پروگرام ارگنائزر ڈاکٹر حنا اور عمر بشیر شیخ سمیت دیگر موجود تھے۔ کلچرل میلہ میں پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سٹالز بھی لگائے گئے۔ بچوں نے کلرفل لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔ بچوں کی دلچسپی کے لیے کھانے، پینے اور تفریح کے لیے مختلف گیمز کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ مختلف سٹالز کے وزٹ کے بعد مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ملتان سید محمد علی بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کلچرل ڈے کا انعقاد خوش ائند اور احسن قدم ہے۔ اس سے نئی نسل کو اپنی اعلی روایات ، تہذیب اور ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملتان قدیم تہذیب اور منفرد کلچر کا علمبردار خطہ ہے۔ ہمیں اپنے ثقافتی ورثہ کو زندہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ سماجی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری سے معاشرے کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے کہا کہ کلچرل ڈے ہمیں اپنی ثقافت کی اہمیت کو سمجھنے اور نئی نسل کو روشناس کروانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان کے زیر نگرانی ضلع ملتان کے تمام سکولوں میں پنجاب کلچرل ڈے کے حوالے سے تقریبات کا شاندار طریقے سے اہتمام کیا گیا جس میں اساتذہ اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر ملتان سید محمد علی بخاری اور سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کی خصوصی ہدایات پر تحصیل صدر ( مردانہ) ملتان کے زیر اہتمام گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول قادر پور راں میں پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر ایلیمنٹری سکولز میاں خالد عالم اور ڈپٹی ڈی ای او تحصیل صدر شاہ محمد راؤ نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی۔ ڈپٹی ڈی ای او تحصیل سٹی ملتان ڈاکٹر فاروق اکبر خان لغاری نے گورنمنٹ سٹینڈرڈ ماڈل سکول یعقوب ٹاؤن ملتان میں پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلچر ڈے منانے کا مقصد نوجوان نسل کو ثقافت اور تاریخ سے اگاہ کرنا ہے۔ تاکہ اپنی تہذیبی اور ثقافتی شناخت کو زندہ رکھا جا سکے ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر ایلیمنٹری (زنانہ) مسز نزہت پروین کی ہدایت پر گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول صدیق اباد (نہالے والہ ) میں بھی پنجاب کلچرل ڈے کے موقع پر کلچرل شو کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں اسسٹنٹ ایجوکیشن افیسر مرکز بوسن صابر عباس، اے ای او عظمہ قیوم، ہیڈ مسٹرس سکول ہذا مسز سمعیہ ناز ، ٹیچرز اور بچوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔ بچوں نے مختلف ٹیبلوز ، خاکے ملی و علاقائی گیت بھی پیش کیے۔ ڈپٹی ڈی ای او تحصیل سٹی (زنانہ) ملتان عفت مسعود نے کہا کہ پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے تحصیل سٹی کے تمام زنانہ سکولوں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں اساتذہ اور بچوں نے روایتی وثقافتی لباس زیب تن کیے۔ بچوں نے مختلف ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے۔