ملتان :  ایل اے 42 ویلی تین آزاد کشمیر کے ایم ایل اے عاصم شریف بٹ نے پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن شوکت علی شاہ کی جانب سے ملتان، حافظ آباد اور وہاڑی میں بسنے والے کشمیری مہاجرین کے ووٹ کو جعلی قرار دینے کی مذمت کی ہے اور اسے کشمیری مہاجرین ووٹرز کی توہین قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ شوکت علی شاہ خود انہیں علاقوں کے ووٹرز کی حمایت سےچار بار اسمبلی کے رکن منتخب ہو چکے ہیں۔لیکن حالیہ شکست کے بعد انہوں نے محسن کشی شروع کر دی ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ جب کامیاب ہوتے رہے ، تو انہیں ووٹرز کو اپنا اثاثہ کہتے رہے ، اور آج شکست کے بعد انہیں جعلی قرار دینا ناانصافی اور عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیری مہاجرین کا ووٹ اتنا ہی قیمتی اور جائز ہے جتنا آزاد کشمیر کے کسی بھی شہری کا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے اور ایسے متنازعہ بیانات دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بیانات نہ صرف جمہوری اقدار کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ کشمیری مہاجرین کو بھی غیر ضروری طور پر نشانہ بناتے ہیں، جنہوں نے ہمیشہ جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کی ہے، اس عمل کی ہر فورم پر مزمت کی جائے گی اور کسی کو بھی کشمیری مہاجرین کا حق کھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ شوکت علی شاہ نے ان علاقوں کے کشمیری مہاجرین کے خلاف درخواست بازی شروع کر رکھی ہے ، عاصم شریف بٹ نے مزید کہا کہ سابق ایم ایل اے شوکت علی شاہ نے عوامی نمائندگی کا حق ادا نہیں کیا ، ان علاقوں سے ووٹ تو لیتے رہے ، مگر یہاں ترقیاتی کام نہیں کروائے ، منظور شدہ فنڈز بھی خورد برد کئے جاتے رہے ، جس پر ووٹرز نے انہیں مسترد کردیا اور مجھے کامیاب کرایا ، میں نے منتخب ہوکر یہاں کشمیری مہاجرین کے مسائل حل کرنے پر توجہ دی اور ترقیاتی کام کرائے اور ماضی کی لوٹ مار سامنے لایا ، تو شوکت علی شاہ نے اس قسم کا پروپیگنڈا شروع کردیا،انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی خصوصی ٹیم ووٹرز کے کوائف کی جانچ پڑتال کے لئے 28 سے 30 اپریل تک ان علاقوں کا وزٹ کرے گی ، جس میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ،اس موقع پر سینئر قانون دان مسعود عارف بٹ نے ملتان ، حافظ آ باد اور وہاڑی کے مہاجرین کو جعلی کہنے پر سابق ایم ایل اے شوکت علی شاہ کے خلاف پندرہ کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا ، پریس کانفرنس میں سلمان رشید بٹ ، حفیظ بٹ ، شہزاد بٹ ، عمران بٹ ،ثمران بٹ،عارف بٹ،ملک سلیم ،اختر بٹ ،ساجد بٹ،بلال بٹ ، منظور بٹ ، نور کشمیری ، خادم بٹ ، اعجاز بٹ ودیگر بھی موجود تھے ، قبل ازیں کشمیری رہنماؤں اور کشمیری مہاجرین کا مشترکہ اجلاس ہوا ، جس میں سابق ایم ایل اے شوکت علی شاہ کی جانب سے ووٹرز کو جعلی قرار دینے کی مذمت کی گئی اور مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا گیا۔