ملتان :  المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پاکستان نے پاکستان بیت المال کے اشتراک سے ماہِ رمضان المبارک 2025 کے دوران وزیر اعظم پاکستان کے اڑان پاکستان منصوبے اور ” اہتمامِ رمضان پروگرام ” کے تحت جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع میں افطار باکس کی تقسیم کا عظیم فلاحی منصوبہ مکمل کرلیا۔ اس مہم کے تحت ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد افراد کو افطار کی سہولت فراہم کی گئی، جو خدمتِ خلق کی ایک درخشاں مثال ہے۔اس سلسلہ میں المصطفی ویلفیئر سوسائٹی پاکستان کی جانب سے منصوبہ میں خدمات سرانجام دینے والے رضاکاروں کے اعزاز میں ”تقریب تقسیمِ اعزازات” ملتان میں منعقد ہوئی تقریب میں سابق وفاقی وزیر سید حامد سعید شاہ کاظمی،چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق،سجادہ نشین چادر والی سرکار دربار پیر سید علی حسین شاہ،ڈاکٹر تسلیم قریشی،صدر ڈسٹرکٹ بار وزیر آباد چوہدری امتیاز احمد خان،صدر ہائیکورٹ بار ملتان اظہر خان مغل،صدر بہاولنگر ڈسٹرکٹ بار محمد آصف خان،عدیل احمد کھچی،چیئرمین سوشل ترقیاتی گروپ ملک محمد یوسف،رکن پنجاب اسمبلی ملک نوشیر انجم لنگڑیال،رکن پنجاب اسمبلی محمد سہیل خان،خواجہ صفدر امین،شیخ عابد مجید،کاشف صدیقی،محمدعلی خان،اویس مصطفائی،عامر سہیل،خالد خواجہ سمیت دیگر قومی و سماجی شخصیات، مصطفائی رضاکاروں، بیت المال کے افسروں اور المصطفٰی ویلفیئر سوسائٹی اور مصطفائی تحریک کے رہنماؤں نے شرکت کی۔صدرِ مصطفائی تحریک طاہر انجم شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کی روشنی میں خدمتِ انسانیت کے جاری سفر کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پاکستان ہمیشہ کی طرح خدمتِ انسانیت کے میدان میں پیش پیش ہے، اور اس کا ہر قدم انسان دوستی، اخلاص، اور سیرتِ نبوی ﷺ کی عملی تعبیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی پاکستان 1983 سے انسانی خدمت کے فرائض انجام دے رہی ہے فلاح کے سفر میں 2005ء کے زلزلہ اور پے در پے آنے والے سیلابوں اور دیگر ناگہانی آفات مصطفائی رضاکاروں کی خدمات ملکی تاریخ کا روشن باب ہیں انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پر کامل ایمان رکھتے ہیں کہ فلاحی کام صرف وقتی امداد کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک مسلسل جدو جہد ہے جس میں محروم طبقات کی زندگیوں کو بہتر بنانا اصل مقصد ہے۔ رمضان المبارک کی یہ مہم نہ صرف افطار باکس کی تقسیم تک محدود رہی، بلکہ یہ ایک قومی شعور کی بیداری تھی کہ ہم سب مل کر معاشرتی فلاح کا حصہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ ”المصطفیٰ کے مصطفائی رضاکار، جذبہ ایثار اور اخلاص کے پیکر ہیں، جو ہر آزمائش میں خدمت کے میدان میں سب سے آگے ہوتے ہیں۔ ہم پاکستان بیت المال کے تعاون کو سراہتے ہیں، جن کی شراکت داری سے یہ ” اہتمام رمضان افطار پروگرام ” کامیابی سے ہمکنا ر ہوئی۔” اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پاکستان بیت المال جنوبی پنجاب محمد رمضان طاہرنے کہا کہہ وزیراعظم پاکستان کا اڑان پاکستان پروگرام بلاشبہ ایک مثالی پروگرام تھا جس پر پاکستان بیت المال کے ایم ڈی کیپٹن ریٹائرڈ شاہین خالد بٹ کی زیر قیادت جنوبی پنجاب میں 94 فیصد اہداف کامیابی سے مکمل کیے گئے ہیں اور بلاشبہ یہ المصطفٰی ویلفیئر سوسائٹی کے اشتراک کی بدولت ممکن ہوا ہے۔تقریب کے آخر میں المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے مصطفائی رضاکاروں اور پاکستان بیت المال کے فعال افسروں اور کارکنان کو خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔