ملتان (صفدربخاری سے) فلسطین کے مظلوم مسلمانوں پر امریکہ واسرائیل کے ظلم کے خلاف سرائیکی نوجوانوں نے چوک کمہارانوالہ سے نو نمبر چونگی تک پیدل احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء نے پینافلیکس اٹھا رکھے تھے جن پر تمام اسرائیلی پروڈکٹس کے بائیکاٹ کے نعرے درج تھے ریلی کے شرکاء نے معصوم فلسطینی شہید بچوں کی علامتی جنازے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر خون کے دھبے تھے جو اسرائیلی بربریت کو ظاہر کر رہے تھے ریلی کے شرکاء نے امریکہ مردہ باد اسرائیل مردہ باد, اسرائیل کی بربادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی کی فلک شگاف نعرے بازی کی،ریلی کی قیادت سرائیکی راہنما مہر مظہر عباس کات ،ملک عدنان تھہیم ۔ملک بہادر تھہیم ،رانا امجد ،رانا احمد ،مہر فیضان سیال اور سلمان تھہیم نے کی ۔ریلی کے شرکاء سے راہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم فلسطینیوں پر امریکہ و اسرائیل نے ظلم کی انتہا کردی ہے مرد عورتیں بوڑھے جوان اور بچے سب شہید کر دیے گے ہیں مگر افسوس کے عرب ممالک سمیت عالم اسلام خاموش تماشائی بنا ہوا ہے جو خدا کے عذاب کو دعوت دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہر مسلمان پر تمام خدائی فرائض میں سب سے اہم فریضہ اپنے مظلوم فلسطینیوں مسلمانوں کی مدد کرنا ہے اور اس کے لیے تمام عالم اسلام کو عملی میدان میں جہاد کے لیے اترنا چاہیے ورنہ یہ یہود و نصارٰی ایک ایک کو نیست و نابود کر دیں گے ۔ریلی میں کثیر تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی