ملتان(صفدربخاری سے) مسلم لیگ(ق) کے ضلعی صدر ڈاکٹر خالد خاکوانی نے کہا ہے کہ اپنی ناکامیوں کا ملبہ مافیا اور اپوزیشن پر ڈالنے کی بجائے وزیراعظم عمران خان ” اپنی منجی تھلے ڈانگ پھیریں”۔ جمہوری راگ الاپنے والے نے اپنے گرد غیر منتخب مشیر اکٹھے کرکے ملکی معیشت، صنعت اور زراعت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ عمران خان نے اب بھی ہوش کے ناخن نہ لئے اور اتحادی جماعتوں کو راضی نہ رکھا تو خانیوال الیکشن جیسی بدترین ناکامیاں پی ٹی آئی کا مقدر بن جائیں گی۔ اپنی رہائش گاہ پر لیگی وفود سے ملاقات میں گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ خانیوال کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی شکست عمرانی حکومت کیلئے عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسنے کا منطقی نتیجہ ہے۔ جو عوام میں پی ٹی آئی حکومت کے خلاف موجود غم و غصہ اور نفرت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چند روپے کی حالیہ کمی عوام کو مطمعین نہیں کر سکی۔ موجودہ صورتحال نے پی ٹی آئی کی اتحادی جماعتوں کو بھی پریشان کر دیا ہے کیونکہ کوئی بھی سیاسی جماعت خود کو عوامی مشکلات سے دور نہیں رکھ سکتی۔ اب بھی وقت ہے کہ وزیراعظم ہوش کے ناخن لیں۔