ملتان : ملتان یونین آف جرنلسٹس ( ایم یو جے ) کے صدر رؤف مان اور جنرل سیکرٹری جاوید اقبال عنبر نے سی پی او ملتان کے صحافیوں کیساتھ ناروا رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ سینئر صحافی کی جانب سے شہر میں چوری ڈکیتی اور راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں بارے پوچھے گئے سوال پر سی پی او ملتان کا برہم ہونا قابل مذمت ہے ، صحافی کا کام سوال کرنا ہے اور یہ حق ان سے کوئی نہیں چھین سکتا ، سوال کے جواب میں اظہار برہمی اور ناروا سلوک کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم صحافی برادری کے ساتھ ہیں ، صحافیوں کی جانب سے سی پی او کے رویے پر پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کرکے درست اقدام اٹھایا گیا ہے ، سی پی او ملتان کو اپنے رویے پر صحافیوں سے معافی مانگنی چاہیے ورنہ ان کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔