دوحہ: طالبان نے یورپی یونین سے افغانستان کے ہوائی اڈوں کی بحالی کے لیے مدد کی درخواست کی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کے وزیر خارجہ امیر للہ متقی کی زیر قیادت طالبان وفد نے دوحہ میں یورپی یونین کے حکام کے ساتھ ملاقات کی۔ طالبان وفد امریکی نمائندوں سے بھی مذاکرات کرے گا۔ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ ملاقات کے دوران مسائل کو سیاسی تحفظات سے الگ رکھنے اور دباؤ کے بجائے تعاون کے ذریعے ان کے حل پر اتفاق کیا گیا ہے۔طالبان اور یورپی یونین کے درمیان ہونے والی ملاقات میں وزیر خارجہ امیر اللہ متقی نے ملک کے ہوائی اڈوں کی بحالی کے لیے یورپی یونین سے مدد کی درخواست کی۔یورپی یونین نے افغانستان میں دفتر کھولنے اور افغان عوام کی مدد کا وعدہ کرتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ ہوائی اڈوں کی بحالی کے لیے سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔