لاہور: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ غریب آدمی پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ نہیں پڑے  گا۔لاہور میں پاکستان اور آذربائیجان کےمابین پٹرولیم کی صنعت میں معاہدےپردستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ دونوں بردارممالک کےدرمیان معاہدےکی مدت ایک سال ہے، جسے مزیدایک سال بڑھایاجاسکتاہے۔وزیراعظم نے بتایا کہ معاہدےکے تحت ہرماہ ایل این جی کاایک جہازخریداجائےگا، خریداری کااختیارپاکستان کےپاس ہوگا، اچھی بات یہ ہے کہ نہ خریدنےپرکوئی ہرجانہ نہیں ہوگا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی کڑی شرط پر مجبورا بجلی کی قیمت بڑھائی ہے، میں نے بہت سختی سے کہا ہے کہ غریب آدمی پر اس 5.75 روپے کا اضافے کا بوجھ نہیں پڑنے دوں گا، متعلق محکموں سے بات کرکے یہ طے پایا بجلی کی قیمت میں اضافے کا بوجھ 200 یونٹ والے گھریلو صارفین پر نہیں پڑے گا جو 63 فیصد بنتے ہیں جو لائف لائن اور پروٹیکٹڈ زمرے میں آتے ہیں، 300 یونٹ تک والے صارفین کے لیے کچھ اضافہ ہوا ہے، 31 فیصد گھریلو صارفین کو بھی اس میں کچھ سبسڈی دی گئی ہے۔