اسلام آباد:  چینی وزیر خارجہ چن گانگ سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کے لیے2روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان آمد کے موقع پر وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے چن گانگ کا استقبال کیا ، عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق چین کے وزیر خارجہ چن گانگ اور افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی دورہ پاکستان کے دوران 6 مئی کو پانچویں چین، پاکستان اور افغانستان سہ فریقی وزرائے خارجہ مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور چن گانگ پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے چوتھے دور کی مشترکہ صدارت کریں گے، دونوں فریق اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کی توثیق کریں گے۔