اسلام آباد:  سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف دائر درخواستوں سے متعلق بننے والے بینچ کے خلاف پاکستان بار کونسل نے ملک بھر کی عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان بار کونسل کے چیئرمین حسن رضا کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کیس کی سماعت کے لیے مرضی کا بینچ تشکیل دیا ہے، بینچ کی تشکیل میں سپریم کورٹ کے سینیئر ججز کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نےآرٹیکل63 اے کی تشریح سمیت دیگر معاملات پر فل کورٹ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا جسے نظر انداز کردیا گیا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف دائر ہونیوالی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ درخواستوں پر سماعت کرے گا ۔ لارجر بینچ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے علاوہ جسٹس اعجاز الحسن ، جسٹس منیب اختر، جسٹس عائشہ ملک ، جسٹس مظاہر علی نقوی ، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کے خلاف  سپریم کورٹ میں 4 درخواستیں دائر ہوئی تھیں۔