ملتان ( صفدربخاری سے) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان میں نئے چیمبرز کی الاٹمنٹ کا معاملہ شدت اختیار کر گیا۔ صدر بار اور جنرل سیکرٹری بار چیمبرز الاٹمنٹ کے معاملے پر کھل کر آمنے سامنے آگئے۔ صدر بار نے چیمبرز کی الاٹمنٹ کے لیے کی گئی قرعہ اندازی معطل کی تو جنرل سیکرٹری نے اس نوٹیفیکیشن کی معطلی کے لیے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل کو چٹھی لکھ دی ہے۔ پنجاب بار کونسل نے الاٹمنٹ بحال کی تو صدر بار نے گزشتہ روز نیشنل بینک میں بار ایسوسی ایشن ملتان کے اکاونٹ کو سیز کرنے کی درخواست دیدی۔
تفصیل کے مطابق 30 ستمبر کو بذریعہ قرعہ اندازی ضلع کچہری کے نئے بلاک میں چیمبرز کی الاٹمنٹ ہوئی اور تقریباً 115 وکلاء کو چیمبرز الاٹ ہوئے تھے لیکن صدر بار سید یوسف اکبر نقوی نے سیکرٹری لاء بہادر علی خان کے نام پر تعمیر ہونے والے بلاک کی چیمبرز الاٹمنٹ کو یہ کہہ کر منسوخ کردیا کہ وکلاء نے قرعہ اندازی کی شفافیت پر سوال اٹھائے ہیں۔
دوسری جانب جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار اسامہ بہادر خان نے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل کو صدر بار کے نوٹیفیکیشن کو منسوخ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ بلاک کی الاٹمنٹ صدر بار، ممبر پنجاب بار کونسل رانا طفیل نون کی موجودگی میں ہوئی لیکن اس وقت کوئی عذر یا اعتراض نہیں اٹھایا گیا بعد ازاں چند مفاد پرست عناصر کے کہنے پر الاٹمنٹ منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جبکہ اس معاملے کی کوئی معقول وجہ بیان نہیں کی گئی۔
اس وقت کئی الاٹی وکلاء گراؤنڈ فلور کا قبضہ لے چکے ہیں اور دیگر اپنی رقم جمع کرارہے ہیں۔ اس لیے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے جس پر پنجاب بار کونسل نے صدر کے احکامات کو منسوخ کرتے ہوئے قرعہ اندازی میں کی گئی الاٹمنٹ بحال کردی۔
دریں اثناء چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل نے جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان اسامہ بہادر خان کی پیٹیشن پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان سید یوسف اکبر نقوی کو شو کاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی حاجی محمد افضل دھرالہ نے قرار دیا ہے کہ صدر بار نے وضع کردہ طریقہ پر مبنی الاٹمنٹ کو معطل کیا ہے تو پھر اس غیر قانونی اقدام پر انہیں کیوں نہ معطل کیا جائے صدر بار 9 اکتوبر کو معاملے کی وضاحت پیش کریں۔ اس دوران الاٹمنٹ جاری رہے گی۔ صدر بار الاٹمنٹ کا تمام ریکارڈ پیش کریں بصورت دیگر قانونی کاروائی ہوگی۔
گزشتہ روز بھی صدر بار سید یوسف اکبر نقوی نے ڈسٹرکٹ بار کے سپرنٹنڈنٹ عامر کو معطل کر دیا اور ڈسٹرکٹ بار کے بینک اکاؤنٹ کو فریز کرنے کے لیے آپریشن منیجر نیشنل بینک مین برانچ چوک کچہری ملتان کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ نئے بلاک کی تعمیر کے حوالے سے ڈسٹرکٹ بار نے ایک اکاؤنٹ کھلوایا تھا لیکن یہ معاملہ پنجاب بار کونسل میں بھیجا جا چکا ہے اور اس کے فیصلے تک اس اکاؤنٹ کا آپریشن معطل کیا جائے دوسری جانب ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری اسامہ بہادر بلوچ دیگر وکلاء رہنماؤں اور حمایتیوں کے ہمراہ بینک پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ اکاؤنٹ کا آپریشن معطل نہیں کیا گیا اور وہ چیمبرز کی تعمیر کے لئے امیدواروں کی جانب سے رقم جمع کرا سکتے ہیں جس پر جنرل سیکرٹری بار نے عامر سپرنٹنڈنٹ کو بحال کرتے ہوئے لائبریری میں قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے امیدواروں سے چیمبرز کی فیس وصول کرتے رہے اور انہیں الاٹمنٹ لیٹر اور وصول شدہ رقم کی رسیدیں دیتے رہے۔