نشتر ہسپتال ملتان میں لیزر پروکٹالوجی سرجری ورکشاپ کا انعقاد،، پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر کی زیر نگرانی جدید لیزر سرجریز مکمل
ملتان : نشتر ہسپتال ملتان کے جنرل سرجری آپریشن تھیٹر میں پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ سرجری، نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کی زیر نگرانی لیزر پروکٹالوجی سرجری ورکشاپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ یہ اپنی نوعیت کی جنوبی پنجاب میں پہلی اور نشتر ہسپتال میں تیسری لیزر پروکٹالوجی ورکشاپ تھی، جس میں فسٹولا، بواسیر اور پائلونائیڈل سائنَس کے مریضوں کی جدید لیزر ٹیکنالوجی کے ذریعے کامیاب سرجریز کی گئیں۔ ورکشاپ کے دوران مجموعی طور پر 9 مریضوں کی کامیاب لیزر سرجری کی گئی جن میں 7 فسٹولا، ایک بواسیر اور ایک پائلونائیڈل سائنَس کا کیس شامل تھا۔ تمام آپریشن کامیابی سے مکمل ہوئے اور دوپہر دو بجے تک تمام کیسز مکمل کر لیے گئے۔ ورکشاپ کی مہمانِ خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی تھیں، جنہوں نے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور اس جدید سرجیکل ٹیکنالوجی کے فروغ کو سراہا۔ اس موقع پر لیزر پروکٹالوجی سرجری کے 100 کامیاب کیسز مکمل ہونے پر کیک بھی کاٹا گیا۔ اس ورکشاپ میں جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں سے نوجوان سرجنز نے خصوصی شرکت کی، جن میں بنوں، وہاڑی، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان اور کوٹ ادو شامل ہیں۔ شرکاء نے اس جدید اور جدید ترین طریقہ علاج کو بے حد سراہا اور اسے سرجری کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لیزر پروکٹالوجی ایک جدید، محفوظ اور منیمل انویسیو سرجری ہے، جس میں جسم پر کوئی بڑا کٹ نہیں لگایا جاتا، خون نہ ہونے کے برابر بہتا ہے، درد انتہائی کم ہوتا ہے اور مریض جلد صحت یاب ہو جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس طریقہ علاج میں زخم نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے، بار بار ڈریسنگ یا سیٹز باتھ کی ضرورت نہیں پڑتی اور مریض بہت کم وقت میں معمولات زندگی کی طرف لوٹ آتا ہے، جبکہ بیماری کے دوبارہ ہونے کے امکانات بھی نہایت کم ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں اس جدید لیزر پروکٹالوجی سرجری کی سہولت صرف نشتر ہسپتال ملتان میں دستیاب ہے اور وہ اس وقت ملتان کے واحد سرجن ہیں جو یہ جدید طریقہ علاج انجام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی ایسے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوان سرجنز جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کر سکیں اور مریضوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔








































Visit Today : 321
Visit Yesterday : 569
This Month : 7496
This Year : 71215
Total Visit : 176203
Hits Today : 2387
Total Hits : 1003153
Who's Online : 4






















