لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کو مبارک ہو ، عدالت نے گورنر کی آئین شکنی کا راستہ روک دیا ، اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ حتمی ہے ۔  وزیر اعلیٰ پنجاب نے  کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو عوام کے کٹہرے میں لائیں گے ، اب حتمی فیصلہ عوام کریں گے ،  حکومت پر شب خون مارنے کی کوشش ناکام ہو چکی ہے ، سلیکٹڈ گورنر نے آرٹیکل 58 ٹو بی بحال کرنے کی کوشش کی مگر اس کا راستہ روک دیا گیا ، اسمبلیوں کی تحلیل کا فیصلہ حتمی ہے ، عمران خان کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہوگا۔  خیال رہے کہ گزشتہ روز گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نےو زیر اعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا ، پرویز الٰہی کی جانب سے  لاہور ہائیکورٹ میں گورنر کے اقدام کو چیلنج کیا گیا جس پر عدالت نے وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کو بحال کر دیا ۔ لاہور ہائیکورٹ نے اسمبلی نہ توڑنے کے بیان حلفی پر گورنر کا نوٹیفکیشن معطل کیا، عدالت نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان ، اٹارنی جنرل اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیا اور سماعت گیارہ جنوری تک معطل کر دی۔