ملتان ( صفدربخاری سے)   بچوں کی بروقت اندراج پیدائش ملکی معیشت میں بہتری کیلئے بہت ضروری ہے کیونکہ بروقت پیدائش اندراج سے ملکی معیشت پر اچھے اثرات مر تب ہوتے ہیں۔ یہ بات ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملتان ظہور حسین بھٹہ نے بچوں کی پیدائش کے بروقت اندراج کی خصوصی مہم کے حوالے سے یونین کونسل 92 نواب پورمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ بچوں کے بروقت پیدائش اندراج نہ ہو نے سے ملکی معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔ صحیح پیدائش اندراج کی تفصیل حکومت کے پاس نہ ہو گی اس وقت تک بچوں کی صحت،تعلیم اور خوراک کے حوالے سے صحیح پالیسیاں نہ بن سکیں گے جس کی وجہ سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ڈویژنل کوآرڈینیٹر خدیجہ شاہین نے کہا کہ والدین میں بچوں کے بروقت اندراج کی آگاہی کے لئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر مہم شروع کی گئی ہے تاکہ ملکی آبادی کا تعین ہوسکے، جس سے ملکی ترقی کےلئے بہتر منصوبہ بندی بنانے میں مدد ملے گی جو ملکی ترقی کا باعث بھی بنے گا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ملتان مسرت بی بی نے کہا کہ پیدائش کا بروقت اندراج قانونی ذمہ داری اور فائدہ مند بھی ہے ،اس سے مستقبل میں کسی قسم کا کوئی مسئلہ پیدانہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیدائش کے اندراج کا مقصد بچوں کی ولدیت کا ثبوت بچوں کو قانونی تحفظ اور معاشی تحفظ فراہم کرنا ہے۔اندراج سے حصول شناختی کارڈ اور وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجراءمیں معاون ثابت ہوگا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملک اشفاق احمد نے کہا کہ بچوں کے اندراج کے مکمل ڈیٹا سے ہی ہماری معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ حکومتی ہدایت پر سات سال تک کے بچوں کے پیدائش اندراج مہم 10 دسمبر سے 20 دسمبر تک جاری رہے گی۔ یونین کونسل سیکرٹری 92 نواب پورمہر ممتاز سپرا نے کہا کہ اپنی یونین کونسلوں میں بچوں کے بروقت پیدائش اندارج کی آگاہی کے لئے اعلانات کرا رہے ہیں۔ہر گاﺅں،ہر محلے میں بینرز آویزاں کئے ہیں اور پمفلٹس بھی تقسیم کئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس مہم سے مستفید ہو سکیں۔ آخر میں ڈائریکٹر ظہور حسین نے عوام میں فری پیدائش رجسٹریشن سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے