اسلام آباد: اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کے کیس میں عدالت نے اسلام آباد پولیس کی  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے 7روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماکو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے ۔  عدالت نےمحفوظ فیصلہ سنادیا ہے ، جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے حکم جاری کیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما کو جوڈیشل ریمانڈ  پر جیل بھیجا جائے ، اس سے قبل 2 روز جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کو ملک امان جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا ،پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو کمرہ عدالت میں جانے سے روک دیا ، جس پر تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عدالت کے باہر نعرے  بازی کی ۔ سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے دلائل دیئے کہ ملزم سے تفتیش کرنا باقی ہے  اس لیے ریمانڈ دیا جائے، ملزم سے کچھ برآمدگی بھی کرنی ہے، جبکہ پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرانا ہے ،جوڈیشل مجسٹریٹ نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے اب سنا دیا گیا ہے ۔