ملتان (صفدر بخاری سے)  سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر صدارت ایگریکلچر سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں کپاس کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کپاس کے مرجھاؤ اور پیسٹ پریشر کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ کاشتکار 10 اکتوبر تک کپاس کی فصل کی پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل جاری رکھیں تاکہ ضرر رساں کیڑوں کو کنٹرول کرکے فی ایکڑ بہتر پیداوار لی جاسکے۔ سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ کپاس کی فصل اپنے آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے لہٰذا کاشتکاروں کی اس مرحلہ پر بہتر طریقے سے رہنمائی کی جائے۔ بریفنگ کے دوران اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ کپاس کی فصل پر سفید مکھی اور گلابی سنڈی کا حملہ بڑھ رہا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے کہا کہ جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق کاشتکاروں کی رہنمائی کی جائے تاکہ بروقت عملدرآمد سے ان نقصان دہ کیڑوں کو کنٹرول کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہاولپور میں کپاس کے مرجھاؤ کی بیماری مشاہدہ میں آئی ہے جس کیلئے کاشتکار نیم، سوہانجنا، تمباکو اور لہسن کے مکسچر کو متاثرہ جگہ پر زمین میں فلڈ کریں تاکہ اس کو بروقت کنٹرول کیا جاسکے۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بہاولپور میں اس بیماری کی وجہ سے 2442 ایکڑ پر کپاس کی فصل جزوی طور پرمتاثر ہوئی ہے جس پر سیکرٹری زراعت نے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دے کر اس بیماری کی بنیادی وجہ جانچنے اور اس کی طویل المدتی بنیادوں پر ٹریٹمنٹ کیلئے سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری زارعت نے ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کو کپاس کی نگہداشت کیلئے علیحدہ ایڈوائزری جاری کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور آئندہ کسی بھی قسم کی غیر منظور شدہ کاٹن ایڈوائزری جاری کرنے سے منع کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے باقاعدہ ایڈوائزری جاری کی جاتی ہے جس پر عملدرآمد بھی کروایا جارہا ہے۔ جملہ سٹیک ہولڈرز اس ایڈوائزری کے پابند ہیں۔ دریں اثنا سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کو آئندہ سال کیلئے کپاس کے بیج اور گندم کی اس سال کاشت کیلئے بیج کی دستیابی بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے کہا کہ امسال کپاس کی فصل کاشتکاروں کیلئے زیادہ منافع بخش ثابت ہورہی ہے کیونکہ لاگت کاشت کم اور قیمت بہتر ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آئندہ سال کپاس کے زیر کاشتہ رقبہ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا لہٰذا متعلقہ ادارے کپاس کے اچھے شرح اگاؤ اور بہتر اقسام کے بیج کی خریداری کا ابھی سے بندوبست کریں تاکہ اگلے سال معیاری بیج کی دستیابی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے ہدایت کی اچھا بیج تیار کرنے کیلئے وضع کردہ پروٹوکولز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ سیکرٹری زراعت نے گندم کے بیج کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں گندم کی صرف منظور شدہ اور سفارش کردہ اقسام کے بیج کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹریز بارک اللہ خان، سید نوید عالم سمیت پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید، پروفیسر ڈاکٹر اقبال بندیشہ، کاٹن ڈائریکٹرز ڈاکٹر صغیر احمد، ڈاکٹر زاہد محمودایگریکلچر سیکرٹریٹ کے افسران، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت انفارمیشن عبدالصمد و دیگر بھی موجود تھے۔