ملتان (صفدربخاری سے) صہیب عمار صدیقی امیر جماعت اسلامی ملتان نے کہا کہ جامعہ زکریا ملتان میں گزشتہ کئی دنوں سے طلبہ کی موٹر سائیکلوں اور دیگر قیمتی اشیاء کی مسلسل چوریاں یونیورسٹی انتظامیہ، سکیورٹی نظام اور مقامی پولیس کی ناکامی کا واضح ثبوت ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ طلبہ کے تحفظ، سکیورٹی کی بہتری اور چوریوں کے سدباب کا مطالبہ کرنے والے طلبہ پر شرپسند عناصر نے حملہ کر دیا۔ طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنانا، انہیں زخمی کرنا اور خوف و ہراس پھیلانا اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ جامعہ میں بدامنی پھیلانے والے عناصر انہی شر پسند گروہوں میں موجود ہیں۔ یہ عناصر تعلیمی ماحول کو یرغمال بنا کر غنڈہ گردی، جبر اور خوف کا ماحول مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ صہیب عمار نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ان شرپسند عناصر کے خلاف فوری کارروائی نہ کرنا انتہائی تشویشناک اور سوالیہ نشان ہے۔ یہ طرز عمل اس تاثر کو مضبوط کرتا ہے کہ یا تو انتظامیہ اپنی نااہلی چھپا رہی ہے یا پھر ان عناصر کو کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے۔ جماعت اسلامی ملتان مطالبہ کرتی ہے کہ حملے میں ملوث تمام شرپسند اور غنڈہ صفت عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، اور جامعہ زکریا میں طلبہ کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ جامعات علم و شعور کے مراکز ہوتی ہیں، انہیں لسانی نفرت اور غنڈہ گردی کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔