ملتان:  انجمن تاجران تغلق روڈ کا اجلاس صدر شیخ محمد شفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، تاجروں کو درپیش مسائل، مہنگائی، لاک ڈاؤن اور تاجروں کی تنظیموں کے باہمی اختلافات پر تفصیلی غور کیا گیا،اجلاس میں تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومتی پالیسیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا،جلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر انجمن تاجران تغلق روڈ شیخ محمد شفیق نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آئے روز پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے نے عوام اور تاجروں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، مہنگائی کے مسلسل بڑھتے ہوئے طوفان نے تاجروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جبکہ بازاروں میں ہو کا عالم ہے اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کرے اور تاجر برادری کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ شیخ محمد شفیق نے ملتان میں تاجروں کے الیکشن اور تنظیمی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر تنظیمیں ذاتی مفادات اور آپسی لڑائیوں میں الجھنے کے بجائے تاجروں کے حقیقی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔، ذاتی رنجشوں اور اختلافات کی وجہ سے تاجروں میں مایوسی پھیل رہی ہے، اس لئے تمام تنظیموں کو اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہیے،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عیدالاضحیٰ قریب ہے، اس لیے سمارٹ لاک ڈاؤن اور رات آٹھ بجے دکانیں بند کرنے جیسے فیصلوں پر نظرثانی کی جائے تاکہ تاجر برادری آزادی کے ساتھ کاروبار کر سکے،ان کا کہنا تھا کہ مسلسل لاک ڈاؤن اور کاروباری اوقات کی پابندیوں نے تاجروں کا کاروبار تباہ کر دیا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری محمد یعقوب مغل نے کہا کہ موجودہ حالات میں تاجر شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں، مگر ان کے مسائل کے حل کے لئے کوئی سنجیدہ اقدامات دکھائی نہیں دے رہے،حکومت تاجروں کو ریلیف دینے کے بجائے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے، جس کے باعث چھوٹے تاجر دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ تاجروں کے نمائندوں کو اعتماد میں لے کر پالیسیاں مرتب کی جائیں تاکہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔چیئرمین میاں شوکت علی نقشبندی، احمد فاروق، ملک خرم، شیخ سعید، غلام سبحانی، حاجی محمد راشد، حاجی سلیم، غلام حسین، محمد حسین،حاجی سلیم اللہ ،فوجی ، اختر قریشی ، میاں نسیم ،ابوبکر،حافظ صدیق،حیدرعلی،محمد وسیم شیخ ،معیدخان ،فاروق ،محمد رمضان اور دیگر تاجروں نے بھی اجلاس سے خطاب کیا اور کہا کہ تاجروں کے مسائل مسلسل بڑھ رہے ہیں مگر ان کے حل کے لیے عملی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر لاک ڈاؤن ختم کیا جائے اور تاجروں کو کاروبار کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔اجلاس کے اختتام پر تاجروں نے شیخ محمد شفیق کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تاجروں کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔