ملتان:  چیئرمین ٹمبرمارکیٹ و مرکزی تنظیم تاجران جنوبی پنجاب کے نائب صدر حاجی نیاز قریشی،کے نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ گندم پیدا کرنے والے جنوبی پنجاب کی غریب عوام روٹی کے نوالے کو ترسنے لگی آٹے کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی آٹا 140روپے فی کلو اور 20 کلو کا تھیلا 26 سو کا ملنے لگا مگر پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے آنکھیں بند کررکھی ہیں ایک طرف آٹے کی قیمت بھی بڑھ رہی ہے تودوسری جانب ایل پی جی کی قیمت 320 روپے تک پہنچ گئی ہے جس کی وجہ سے عام غریب آدمی تو ایک طرف مڈل کلاس طبقہ پس کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے گھروں اور دکانوں پر ایل پی جی استعمال کرنے والے چھوٹے تاجر اور گھریلو صارفین انتہائی پریشانی کا شکار ہیں کیونکہ سرکاری سوئی گیس کی طویل بندش نے پہلے ہی شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے تو دوسری جانب ایل پی جی مافیا نے بھی اندھیر نگری مچا رکھی ہے جس کے باعث گھریلو صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں رہی سہی کسر آئے روز نت نئے ٹیکسز،مہنگی بجلی اور اشیائے خوردونوش و صرف کی قیمتوں نے پوری کر دی ہے جس کی وجہ سے بالخصوص چھوٹے تاجروں دکانداروں کے لیے گھریلو اور دکانوں کے اخراجات پورے کرنا انتہائی محال ہو چکے ہیں موسم سرما میں آٹے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافے نے عام چھوٹے دکانداروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے لیکن منافع خور مافیا کے خلاف کاروائی نہ ہونے کی وجہ سے عوام چھوٹے تاجروں اور دکانداروں میں شدید بے چینی کی فضا پائی جاتی ہے منافع خورمافیا کے خلاف کاروائی نہ ہونا سمجھ سے بالاتر ہے لیکن افسوسناک صورتحال یہ ہے کہ متعلقہ ذمہ دار ادارے ضلعی انتظامیہ منافع خور مافیا کے خلاف کاروائی سے گریزاں ہے اگر یہی صورتحال رہی تو تاجر برادری بھرپور احتجاج پر مجبور ہو جائے گی۔