معصومیت کا تحفظ – چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کی جدوجہد

تحریر: کلب عابد خان
رابطہ: 03009635323

چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان کا قیام مارچ 2007 میں عمل میں آیا اور اپنے قیام سے اب تک ادارہ 12129 سے زائد بچوں کو حفاظتی تحویل میں لے چکا ہے، یہ بچے مختلف مقامات سے دوران ریسکیو آپریشن اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر موصول ہونے والی کالز کے ذریعے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے ریسکیو کئے گئے جن میں گھر سے بھاگے ہوئے، گمشدہ، بے آسرا، بھکاری، لاوارث نومولود، جنسی و جسمانی تشدد کا شکار اور دیگر بچے شامل ہیں جبکہ مارچ 2007 سے اب تک 12021 بچوں کو لواحقین کی تلاش کے بعد ان کے حوالے کیا گیا، اگر رواں سال 2025 کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو ادارے نے اب تک 455 بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا اور 420 بچوں کو ورثاء کے حوالے کیا، 9 لاوارث نومولود بچوں کو بھی ریسکیو کیا گیا اور بھکاری مافیا کے خلاف بچوں سے زیادتی و تشدد کے حوالے سے 30 ایف آئی آر درج کروائی گئیں، اس وقت بیورو میں 90 سے زائد لاوارث اور بے آسرا بچے رہائش پذیر ہیں جنہیں چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب سارہ احمد کی خصوصی ہدایت اور وژن کے مطابق زندگی کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، بچوں کو رسمی اور دینی تعلیم، معیاری رہائش، خصوصی مینیو کے ساتھ معیاری کھانا، طبی سہولیات، نفسیاتی کونسلنگ، کھیل کے مواقع، غیر نصابی سرگرمیاں، مطالعہ کے لئے کتابوں کی لائبریری، کمپیوٹر لیب اور ٹیکنیکل ٹریننگ جیسے سلائی کڑھائی، ٹیلرنگ اور نقشہ دبکی کام کی کلاسز دی جا رہی ہیں تاکہ یہ بچے مستقبل میں ہنر مند بن کر بہتر روزگار حاصل کر سکیں اور معاشرے میں تعمیری کردار ادا کر سکیں، بیورو کی چائلڈ ہیلپ لائن 1121 دن رات 24 گھنٹے کام کرتی ہے اور کسی بھی اطلاع پر فوری رسپانس دے کر بچے کو ریسکیو کر کے سنٹر منتقل کیا جاتا ہے، حکومت پنجاب کی جانب سے ادارے کو بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے وافر فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ ان کی تعلیم، تربیت اور بہتر مستقبل یقینی بنایا جا سکے، بیورو بچوں کے حقوق، انسدادِ گداگری، چائلڈ ٹریفکنگ اور تشدد کی روک تھام کے لئے سیمنارز، آگاہی واکس اور مہمات بھی ترتیب دیتا ہے تاکہ عوام میں شعور اجاگر ہو، ادارے میں موجود چائلڈ سائکولوجسٹ بچوں کی ذہنی اور نفسیاتی کونسلنگ کرتے ہیں اور مختلف گیمز و سرگرمیوں کے ذریعے انہیں مثبت سوچ کی طرف راغب کرتے ہیں تاکہ وہ دوبارہ بھیک نہ مانگیں، گھروں سے نہ بھاگیں اور ایک مفید شہری بن سکیں، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان معاشرے کے سب سے کمزور اور مظلوم طبقے کے لئے ڈھال بن کر کھڑا ہے اور یہ ادارہ اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ اگر نیت صاف ہو، وژن واضح ہو اور خدمت کا جذبہ موجود ہو تو معاشرے کے سب سے محروم طبقے کو بھی زندگی کی خوشیاں دی جا سکتی ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ اگر کہیں کوئی بچہ بھیک مانگتا، گمشدہ یا بے آسرا نظر آئے تو فوراً چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر اطلاع دیں کیونکہ ایک کال کسی بچے کی زندگی بدل سکتی ہے۔