راولپنڈی:  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیردفاع نے  ملاقات کی جس میں  دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے شعبوں کی تلاش پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈونیشیا کے وزیردفاع  نے جی ایچ کیو میں  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے شعبوں کی تلاش پر گفتگو ہوئی  اور علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔  دونوں رہنماؤں نے پاک انڈونیشیا دفاعی صنعتی تعاون کی اہمیت اور پاک انڈونیشیا ادارہ جاتی رابطوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تربیتی اشتراک کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔انڈونیشیا کے وزیردفاع  نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ فیلڈ مارشل نے انڈونیشیا کے ساتھ پائیدار دفاعی تعلقات بڑھانے،  پاک انڈونیشیا مشترکہ اقدار اور سٹریٹیجک مفادات پر مبنی تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔