رحیم یار خان: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ (ن) کو ساتھ مل کر پنجاب حکومت گرانے کا چیلنج دے دیا۔بلاول بھٹو زرداری نے رحیم یار خان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ساتھ ساتھ اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) پر بھی خوب وار کیے۔بلاول کہا کہ ہم نے ایک طرف نالائق اور نااہل حکومت کو للکارنا ہے ، وہیں اپنے دوستوں کو بھی مجبور کرنا ہے، اب یہ دوغلی پالیسی نہیں چلے گی، یا تو اپوزیشن کا کردار ادا کریں یا پھر اعلان کردیں کہ آپ حکومت کے سہولت کار ہیں۔چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ ہم نے یوسف رضا گیلانی کو منتخب کراکر حکومت کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کردیا اور لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، لیکن آپ اس وقت بھی پیچھے ہٹے، پہلے ہم نے آپ کو بیٹھ کر سمجھایا، اب ہم آپ کو مجبور کریں گے کہ آپ اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے عثمان بزدار اور عمران خان کو گھر بھیجیں، الیکشن کرواکر نئی حکومت بنوائیں، کیونکہ یہ نہیں ہوسکتا کہ ووٹ کی عزت کی بات ہو لیکن جب ووٹ کے استعمال کا وقت آئے تو بھاگ جائیں اور الیکشن میں بائیکاٹ کردیں۔