ملتان :  سابق ٹیسٹ کرکٹر تو صیف احمدنے صدر پی پی ڈی سی اے عمران بلوانی اور سیکریٹری امیرالدین کے ساتھ انعامات تقسیم کئے
دفاعی چیمپئن ملتان نے راولپنڈی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے کر آٹھویں بارپاکستان فزیکل ڈس ایبلیٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر انتظام منعقدہپیپسی نیشنل پی ڈی ٹی20 گریڈون کرکٹ چیمپئن شپ جیت لی،چیمپئن شپ میں کراچی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ راشد لطیف کرکٹ گراؤنڈ گلبرک میں کھیلے گئے فائنل اور اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سابق ٹیسٹ کرکٹرتوصیف احمد تے جنہوں نے پاکستان فزیکل ڈس ایبلیٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر عمران بلوانی اورسیکریٹری جنرل پاکستان فزیکل ڈس ایبلیٹی کرکٹ ایسوسی ایشن اور ایونٹ ڈائرکٹر امیر الدین انصاری کے ہمراہ ٹرافیز اور انعامات تقسیم کئے،اس موقع پر حاجی اشرف،وسیم مچھیارا،جاوید ملک سابق ایس ا پی سندھ پولیس،ریجنل ہیڈملتان جمیل کامرا ن،ظفر احمد،اسلام خان،طلال احمد،امجدرضوی،سیف خان اور دیگر بھی موجود تھے۔فائنل میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے راولپنڈی نے مقررہ 20اوورز میں 155رنز اسکور کئے۔محمد ارسلان نے 40گیندوں پر 6چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے60جبکہ حزیفہ خان نے35اور محمد اکرما نے22رنز بنائے۔ملتان کی جانب سے زبیر سلیم نے23،آصف کھچی نے29اور محمدعرفان نے35رنز دے کر دودو وکٹیں حاصل کیں،جواب میں ملتان نے سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعدمیچ کی آخری گیند پر مطلوبہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔محمد زمان علی نے44گیندوں پر چارچوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے60رنز کی میچ وننگ اننگ کھیلی جبکہ مطلوب قریشی نے25،جہانزیب ٹوانہ نے17اور محمد شہزادنے16رنز بنائے۔راولپنڈی کی جانب سے بلال عظیم نے 24رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ماجد حسین چیمپئن شپ کے بہترین کھلاڑی،ملتان کے محمد زمان چیمپئن شپ کے بہترین بیٹر،فیلڈراورپلیئر آف دی فائنل بھی قرار دئیے گئے جبکہ کوئٹہ کے مٹھل خان بہترین بالر رہے جنہیں خصوصی کیش پرائز دیا گیا۔