ملتان (صفدر بخاری سے) ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے ملتان پریس کلب سے وابستہ معزز صحافیوں اور ان کی فیملیز کے لیے موبائل لائسنسنگ وین کا اہتمام کیا گیا، جو 17 دسمبر بروز بدھ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک پریس کلب میں موجود رہی۔ اس سہولت سے ایک سو سے زائد صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ نے موٹر سائیکل، کار ڈرائیونگ لائسنس اور لرننگ لائسنس بنوائے۔ یہ سہولت چیئرمین ایگزیکٹو ممبر ملتان پریس کلب ندیم حیدر ہانس کی خصوصی کاوشوں سے فراہم کی گئی، جس پر صحافی برادری نے ٹریفک پولیس اور پریس کلب انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز قمر رشید نے ملتان پریس کلب کا دورہ کیا، جہاں سینئر نائب صدر ملتان پریس کلب خالد چودھری نے مہمانِ خصوصی کو خوش آمدید کہا۔ چیئرمین ایگزیکٹو ممبر ندیم حیدر ہانس نے ڈی ایس پی قمر رشید کو ملتان پریس کلب کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور صحافیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملتان پریس کلب صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور صدر ملتان پریس کلب شکیل انجم کی قیادت میں صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شرکاء نے ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے موقع پر لائسنسنگ سہولت فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے صحافی برادری کے لیے ایک مثبت اور قابلِ تحسین قدم قرار دیا۔