ملتان: امام بارگاہ ابوالفضل العباس چوک کمہارانوالہ میں جامعہ خدیجۃالکبریٰ ملتان کے زیر اہتمام ہر سال کی طرح امسال بھی جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا اور عظیم الشان پچیسواں سالانہ جشن میلاد صدیقہ کائنات خاتون جنت اکلوتی لخت جگر رسول حضرت فاطمہ بنت محمد سلام اللہ علیہا کی ولادت کی مناسبت سے منعقد ہوا۔جشن کی صدارت سیدہ نرجس بتول نے کی۔ جشن سے اسلامی اسکالر سیدہ سعیدہ موسوی،خانم تصدق زہراء قاضی،خانم زاہدہ بخاری،خانم غلام فاطمہ علوی،ذاکرہ سیدہ فرحت زہراء اور خطیبہ خانم عظمیٰ زہراء نے خطاب کیا ۔اسلامی اسکالر سیدہ سعیدہ موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر عورت کو دنیا و آخرت میں عزت اور کامیابی کے لیے سیدہ فاطمہ زہراء کی سیرت طیبہ پر عمل کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ علم،عصمت،عبودیت اور بندگی میں حضرت فاطمہ زہراء کا مقام اور ان کی عظمت تمام دنیا کی خواتین پر ازل سے ابد تک برتری رکھتی ہے۔ جامعہ کی پرنسپل خانم تصدق زھرا علوی نے کہا حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی زندگی تمام انسانوں کے لئے اسوہ کاملہ و نمونہ عمل ھے اور آپ کی خوشنودی سے اللہ اور اسکے رسول کی خوشنودی حاصل ھوتی ھے رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد گرامی ھے فاطمہ میرا حصہ ھے جس نے اسے خوش کیا اس نے مجھ (رسول) کو خوش کیا اور جس نے اس(فاطمہ) کو ناراض کیا اس نے مجھے ناراض کیا۔ جشن میں جامعہ کی طالبات نے مختلف موضوعات پر تربیتی خاکے،ترانے اور مکالمے پیش کیے ۔جشن میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے بھرپور شرکت کی۔آخر میں پرنسپل جامعہ خدیجۃالکبریٰ خانم تصدق زہراء قاضی نے جشن میں شریک تمام کنیزان زہرأ اور مہمانان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کروائی