انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے،،لسانی بنیادوں پر کسی صوبے کا قیام قبول نہیں: مرکزی چیئرمین تحریک صوبہ ملتان
ملتان : تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راؤ عبدالقیوم شاہین نے سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکا ہے، تاہم لسانی بنیادوں پر کسی صوبے کے قیام کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے ایک نازک دور سے گزر رہا ہے جہاں مختلف علاقوں میں لسانی، نسلی اور قومی تعصبات نے ملکی یکجہتی اور نظریاتی سرحدوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔راؤ عبدالقیوم شاہین نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ وقت نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین میں ضروری ترامیم کرے تاکہ انتظامی مسائل کا مؤثر حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبہ ملتان کا قیام نہ صرف خطے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے بلکہ اس سے جنوبی پنجاب اور ملتان خطے میں پائے جانے والے نسلی و لسانی تعصبات کا بھی خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔تحریک صوبہ ملتان کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کی صدارت مرکزی چیئرمین راؤ عبدالقیوم شاہین نے کی جبکہ مرکزی چیف آرگنائزر چوہدری شہزاد فیصل آرائیں مہمانِ خصوصی تھے۔ اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل رکن الدین ملتانی کے علاوہ مرکزی رہنماؤں علامہ مفتی ابوبکر عثمان الازہر، روبینہ انصاری، انجینئر محمد اختر لودھی، راؤ محمد عارف رضوی اور مسعود خالد علوی نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبہ ملتان کے قیام کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر عوامی رابطہ مہم کو مؤثر اور منظم انداز میں تیز کرنے، مختلف اضلاع میں اجلاسوں، سیمینارز اور عوامی اجتماعات کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ عوام میں شعور بیدار کیا جا سکے اور صوبہ ملتان کے قیام کے مطالبے کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔








































Visit Today : 602
Visit Yesterday : 525
This Month : 9417
This Year : 57253
Total Visit : 162241
Hits Today : 11933
Total Hits : 772538
Who's Online : 2






















