ملتان: متحدہ مسلم موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام یومِ صدیق اکبر رضی اللہ عنہ پر ضلع کچہری ملتان میں سینئر نائب صدر ایڈووکیٹ سید اطہر شاہ بخاری کے چیمبر میں صدیق اکبر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر محمد اکمل مدنی نے کہا کہ خلیفہ اول سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی تعلیمات پوری مسلم امہ کیلئے مشعل راہ ہیں،آپ نے اپنا سب کچھ دین اسلام کی بقاء و سلامتی کیلئے خرچ کیا بلکہ ہر مشکل وقت میں ثابت قدم رہ کر دشمنان اسلام کا خاتمہ کیا،یوم صدیق اکبر اقوام عالم میں موجود بکھرے ہوئے مسلمانوں سے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر آگے بڑھنے کا تقاضا کررہا ہے اگر مسلم امہ آپ کی تعلیمات پر من و عن عمل کرے تو نہ صرف تمام تر مسائل و پریشانیوں پر قابو پایا جاسکتا ہے بلکہ اپنے کھویا ہوا مقام بھی دوبارہ پا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ کی سیرت رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ یومِ صدیقِ اکبرؓ ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ حق کے ساتھ کھڑا ہونا، مشکل حالات میں ثابت قدم رہنا اور اللہ پر کامل بھروسہ رکھنا ہی اصل کامیابی ہے۔جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ اللہ دتہ کاشف بوسن،نائب صدر علامہ عبدالحق مجاہد،سینئر نائب صدر ایڈووکیٹ سید اطہر شاہ بخاری، ایگزیکٹو ممبران علامہ محمد ایوب مغل، ایڈووکیٹ وسیم ممتاز،ایڈووکیٹ شیخ ارشد محمود،محمد حضیر احمد زہری،مرزا محمد ارشد القادری نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیقؓ نے اپنی دولت، وقت اور صلاحیتیں دینِ اسلام کے لیے وقف کر دیں۔ غلاموں کو آزاد کروانا، کمزور مسلمانوں کی مدد کرنا اور راہِ خدا میں بے دریغ خرچ کرنا آپؓ کی زندگی کا مستقل معمول تھا۔ ہجرتِ مدینہ کے موقع پر حضور ﷺ کے ساتھ غارِ ثور میں قیام آپؓ کی وفاداری اور جانثاری کا روشن ترین باب ہے، جہاں قرآنِ کریم میں بھی آپؓ کی رفاقت کا ذکر آیا۔ضلعی صدر ملک عمران یوسف،ڈویثرنل صدر حافظ محمد ظفر قریشی،صاحبزادہ انوار الحق مجاہد،عمر حیات راٹھ،ملک تصور حسین اعوان،محمد اشفاق سعیدی،ساجد نواز اور حافظ لیاقت حسین نے کہا کہ یومِ صدیقِ اکبرؓ ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ایمان محض دعوے کا نام نہیں بلکہ یقین، قربانی اور عمل کا تقاضا کرتا ہے۔ سچائی، وفاداری، استقامت اور عدل وہ اقدار ہیں جو حضرت ابوبکر صدیقؓ کی زندگی کا خلاصہ ہیں۔ آج کے دور میں اگر ہم ان اصولوں کو اپنائیں تو انفرادی اور اجتماعی سطح پر بے شمار مسائل کا حل ممکن ہے۔