ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کا چلڈرن ہسپتال کا دورہ،مختلف وارڈز کا معائنہ، ڈین چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف سے بریفنگ ، بچوں کے علاج میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی: ڈپٹی کمشنر
ملتان(صفدربخاری سے) ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے چلڈرن ہسپتال ملتان کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے مریض بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی عمارت کے مختلف شعبوں اور وارڈز کا معائنہ کیا اور زیرِ علاج بچوں کے والدین سے ملاقات کر کے ان سے دستیاب سہولیات، علاج معالجے اور عملے کے رویّے سے متعلق دریافت کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کو ڈین چلڈرن ہسپتال ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد کاشف نے ہسپتال کے مجموعی انتظامی و طبی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں مریضوں کی تعداد، دستیاب طبی آلات، ادویات کی فراہمی، ایمرجنسی سروسز، عملے کی کارکردگی اور جاری ترقیاتی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بچوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام بالخصوص بچوں کی صحت کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور مریضوں کے لواحقین کے لیے سہولیات میں مزید بہتری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال انتظامیہ بچوں کے لیے دوستانہ اور محفوظ ماحول فراہم کرے۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور پیرامیڈیکل عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ جذبہ خدمت کے تحت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرتے رہیں گے۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چلڈرن ہسپتال ملتان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ مریض بچوں اور ان کے لواحقین کو بہتر سے بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔








































Visit Today : 602
Visit Yesterday : 525
This Month : 9417
This Year : 57253
Total Visit : 162241
Hits Today : 11854
Total Hits : 772458
Who's Online : 4






















